معروف پاکستانی اداکارہ ماریہ واسطی کا کہنا ہے کہ ایوراڈ شوز میں نامزدگیاں پسندیدگی کی بنیاد پر ہوتی ہیں۔
حال ہی میں اداکارہ ماریہ واسطی نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر بات کی۔ ایوارڈ شوز کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ ہو یا پاکستان یہ چیزیں پسندیدگی کی بنیاد پر چلتی ہیں۔
ماریہ واسطی کا کہنا تھا کہ جب آپ کسی کو سفارش پر لاتے ہیں اور انہیں ایوارڈز سے نوازتے ہیں تو وہ صاف نظر آتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ یہ تو دیکھا جانا چاہیے کہ ایوارڈ دے کون رہا ہے اور تعریف اور تنقید کرنے والے لوگ کون ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ آسکر ایوارڈ کا ایک معیار ہے ورنہ تو ایوارڈ شوز ہوتے ہی رہتے ہیں۔ ماریہ واسطی نے کہا کہ کسی لابی کی وجہ سے میرا نقصان ہوا ہو تو اس بارے میں علم نہیں ہے۔
واضح رہے کہ تنزانیہ میں پیدا ہونے والی ماریہ واسطی 90کی دہائی سے پاکستانی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا رہی ہیں، وہ ڈرامہ ‘سارہ اور عمارہ ‘ میں پہلی بار جلوہ گر ہوئیں اور تیزی سے کامیابی کے منازل طے کرتی چلی گئیں۔ انہوں نے 50 سے زائد ڈراموں میں کام کیے اور مشکل کردار بھی خوبصورتی سے نبھائے۔