کوئٹہ کے نواحی علا قے اختر آباد ویسٹرن بائی پاس پر شرپسندوں نے 18 انچ قطر کی گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑادیا جس کے باعث متعدد علاقے گیس سپلائی سے محروم ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں مغربی بائی پاس پر زوردار دھماکا، ایک شہری زخمی
نامعلوم ملزمان نے مغربی بائی پاس پر گیس پائپ لائن کو ٹائم بم سے اڑایا۔ مذکورہ کارروائی کے نتیجے میں گیس پائپ لائن میں آگ بھڑک اٹھی جسے سوئی سدرن گیس کمپنی کی ٹیکنیکل ٹیم نے مین والو بند کر کے بجھا دیا۔
گیس پائپ لائن میں دھماکے کے بعد شہر کے علاقوں ایئر پورٹ روڈ، نواں کلی، جناح ٹاؤن، خیزئی، اے ون سٹی، ہزار گنجی کے علاوہ کچلاک ، زیارت ، بوستان ، یارو، کربلا، حرمزئی اور پشین کو گیس کی سپلائی معطل ہوگئی ہے۔
ترجمان ایس ایس جی سی نے بتایا کہ علاقے کی کلیئرنس کے بعد کمپنی کے عملے نے جمعرات کی صبح کام شروع کر دیا 8 گھنٹے کے دوران گیس کی فراہمی کویقینی بنایا جائےگا تاہم 24 گھنٹوں سے گیس کی فراہمی معطل ہونے سے معمولات زند گی بری طرح متاثر ہیں۔
مزید پڑھیے: کوئٹہ کے باسی دیگر شہروں کے سفر سے کیوں گریز کر رہے ہیں؟
وی نیوز سے بات کرتے ہوئے کوئٹہ کے شہری محمد شعیب نے بتایا کہ گزشتہ روز سے میرے علاقے میں گیس کی فراہمی معطل ہے جس کی وجہ سے سخت سردی میں معمولات زند گی کوچلانا ناممکن ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گھر کھانا پکانے اور حرارت کے لیے ایند ھن کے متبادل ذرائع بشمول ایل پی جی اور لکڑیوں کا استعمال کر رہے ہیں جس سے ان پر اضافی مالی بوجھ پڑ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے منافع خوروں نے ایل پی جی اور لکڑیوں کی قیمت میں بھی اضا فہ کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں: کوئٹہ خود کش دھماکا: بلوچستان حکومت کا 3 روزہ سوگ کا اعلان، ٹرین آپریشن 4 روز کے لیے معطل
دوسری جانب گیس پائپ لائن پر ہو نے والے بم دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر لیا گیا۔
مقدمے میں انسداد دہشتگردی ایکٹ و دیگر دفعات شامل ہیں۔ واقعے میں ملوث ملزمان کی تلاش اور واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔