ن لیگ کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی برائے شمالی کوریا اور وینزویلا رچرڈ گرینل جیسے لوگوں کا مطالبہ کچھ اور مقصد کچھ اور ہوتا ہے تاہم پاکستان کو بخوبی علم ہے یہ سب مل کر چین بلاک کو توڑنے کی کوشش کریں گے اور ایران کو گھیرنے کے لیے پاکستان پر دباؤ ڈالیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: رچرڈ گرینل نے امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھو ملر کی پوسٹ پر طنز کیوں کیا؟
اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ رچرڈ گرینل کا سویا ہوا ضمیر اچانک جاگا ہے تو پاکستان کے لیے لیکن فلسطینیوں کی نسل کشی پر ان کا مردہ ضمیر آج بھی غاصب صہیونیوں کے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نواز شریف کی منتخب حکومت پاکستان تحریک انصاف کی ملی بھگت سے گرائی گئی تھی لیکن رچرڈ گرینل کا ضمیر اس پر بھی اور 2018 الیکشن چوری سے لے کر سیاسی انتقام کے سیاہ دور تک بھی سویا رہا۔
مزید پڑھیے: ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی نے ایک بار پھر عمران خان کی تعریفوں کے پل باندھ دیے
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی پر رچرڈ گرینل کا مردہ ضمیر آج بھی غاصب صہیونیوں کے ساتھ ہے اور ان کا شعور سامراجی عزائم کی تکمیل کے لیے ہی جاگتا ہے جس کا انسانیت، انصاف، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی سے کوئی تعلق نہیں۔