پنجاب اور سندھ میں ٹریفک حادثات، 17 افراد جاں بحق، 20 سے زائد زخمی

پیر 30 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب اور سندھ میں ٹریفک حادثات کے باعث 17 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

پہلا حادثہ موٹروے ایم 14 پر فتح جنگ کے قریب ہوا جہاں مسافر بس حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 10 مسافر جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، حادثے کے بعد موٹروے پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ بعدازاں، زخمیوں اور لاشوں کو تحصیل ہیڈکوارٹرز اسپتال فتح جنگ منتقل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: موٹروے پر باراتیوں کی بس کو حادثہ، 12 جاں بحق، 60 سے زائد زخمی

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق، بس بہاولپور سے اسلام آباد جارہی تھی، حادثہ بس ڈرائیور کی لاپرواہی اور غفلت کی وجہ سے پیش آیا، واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بس ڈرائیور نے موٹروے پولیس کو بتایا کہ حادثہ ٹائر پھٹنے کے باعث پیش آیا، جبکہ موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری اور ڈرائیور کو نیند آجانے کے سبب پیش آیا ہے۔

دوسری جانب سندھ میں ضلع نوشہرو فیروز میں مورو کے قریب ایک وین اور ٹرالر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 15 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا۔

یہ بھی پڑھیں: کلرکہار کے قریب مسافر بس جل کر خاکستر، موٹروے پولیس نے مسافروں کو بچا لیا

میڈیا رپورٹس کے مطابق، حادثے کے بعد نواب شاہ منتقل کیے گئے 10 زخمیوں کی حالت  انتہائی نازک بتائی جا رہی ہے۔ متاثرہ خاندان ایک شادی میں شرکت کے بعد واپس آ رہا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp