وزارت داخلہ نے ایران میں مختلف جرائم میں ملوث 10 ہزار سے زائد پاکستانی شہریوں کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاسپورٹ کے اجرا میں تاخیر کا خاتمہ، وزیر داخلہ کا پاسپورٹ کی بروقت فراہمی کا اعلان
ذرائع کے مطابق ایران میں 10 ہزار 50 ان پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے جن پر مختلف جرائم کے الزامات تھے۔ یہ پاسپورٹس 5 اور 7 سال کے لیے بلاک کیے جائیں گے۔
حکومت کی طرف سے یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا ہے جب ایران نے گزشتہ ڈیڑھ سال میں 5 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا۔ جن پاکستانیوں کے پاسپورٹس بلاک کیے جا رہے ہیں وہ انسانی اسمگلنگ، غیر قانونی رہائش، منشیات، شدت پسندی اور دیگر جرائم میں ایران میں گرفتار کیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیے: ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا پاسپورٹ واپس دلوایا جائے، اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم
ذرائع کے مطابق غیر قانونی طور پر سرحد پار کرنے پر ایران میں گرفتار پاکستانیوں کی تعداد 4 ہزار سے زائد ہے۔
ایران میں قید پاکستانیوں کے پاسپورٹس بلاک کرنے کا یہ معاملہ وفاقی حکومت کے اس فیصلے کا نتیجہ ہے جس کے تحت جرائم مں ملوث شہریوں کے پاسپورٹس بلاک کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں چند دن قبل متحدہ عرب امارات میں منشیات کے جرم میں گرفتار 2 ہزار سے زائد پاکستانیوں کے پاسپورٹس بلاک کردیے گئے تھے۔
مزید پڑھیں: ویزا فراڈ اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث 5 ملزمان گرفتار، 187 پاکستانی پاسپورٹ برآمد
اس فیصلے کے تحت مختلف ممالک سے ڈی پورٹ کیے جانے والے پاکستانی شہریوں کے پاسپورٹس بھی بلاک کیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ 6 مہینوں میں عراق سے ڈی پورٹ ہونے والے ایک ہزار سے زائد پاکستانیوں کے پاسپورٹس بھی بلاک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔