وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں پاسپورٹ کے اجرا میں تاخیر کا خاتمہ کردیا گیا ہے، پاسپورٹ اور نادرا آفس میں بہتری کے بعد شہریوں کو پاسپورٹ وقت پر ملیں گے۔
اسلام آباد میں اسٹیٹ آف دی آرٹ پاسپورٹ آفس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نادرا اور پاسپورٹ آفس میں بے انتہا بہتری آچکی ہے جس سے یقیناً ادارے پر شہریوں کا اعتماد بحال ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:نادرا دفاتر اب پاسپورٹ بھی جاری کریں گے لیکن منفی پہلو کون سے؟
محسن نقوی کے مطابق پاکستان بھر میں پاسپورٹس کا بیک لاگ مکمل ختم ہو چکا ہے، اب شہریوں کو مقررہ وقت میں پاسپورٹ ملیں گے، پہلے پاسپورٹس کا 6، 6 ماہ کا بیک لاگ موجود تھا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ سے جڑے مسائل کا حل پاسپورٹ اتھارٹی کے قیام میں ہے اگر ان کے اختیار میں ہوتا تو وہ اس اتھارٹی کا اعلان کردیتے، لیکن بہت سارے محکموں کے متعلق ہونے کے باعث ایسا ممکن نہیں۔
مزید پڑھیں:دنیا کے مضبوط ترین پاسپورٹس کی فہرست میں پاکستان کہاں کھڑا ہے؟
تاہم وزیر داخلہ نے امید کا اظہار کیا کہ وہ اس ادارے کو اتھارٹی میں تبدیل کریں گے، ان کے مطابق اتھارٹی کے بغیر لوگوں کی سال 2 سال کی تنخواہیں نہیں جارہی تھیں، ان کا موقف تھا کہ سرخ فیتے کا خاتمہ اتھارٹی کے قیام سے ہی ممکن ہوگا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ ایک ہفتے میں ملک کے 14 سے 16 شہروں میں 24 گھنٹے کھلے رہنے نادرا کے دفاتر میں پاسپورٹ کاؤنٹر قائم کردیے جائیں گے، جہاں شہریوں کو کسی بھی وقت پاسپورٹ بنوانے کی سہولت میسر ہوگی۔
مزید پڑھیں:فیکٹ چیک: پاکستانیوں کی بڑی تعداد پاسپورٹ دفاتر کے باہر کیوں جمع ہے؟
محسن نقوی نے بتایا کہ اسلام آباد پاسپورٹ آفس پر شہریوں کی سہولت کے لیے فوری طور پر 24 گھنٹے خدمات فراہم کی جارہی ہیں، لاہور سمیت دیگر شہروں میں ماڈل آفس بنانے کی ضرورت ہے، کراچی میں ماڈل آفس کے قیام کے لیے جگہ پر بات چیت جاری ہے۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ پاسپورٹ دفاتر کے باہر موجود مافیا کے خلاف ایف آئی اے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کر رہی ہے، یہ کارروائی جاری رکھنا ہوگی تاکہ اس مافیا کا خاتمہ کیا جاسکے۔