وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبے میں امن بحال کرنا ان کا کام ہے اور کرم کا مسئلہ وہ خود حل کریں گے، ہم نے اپنے اہداف سے زیادہ ریونیو حاصل کیا ہے جو خسارے میں جارہے ہیں انہیں پھانسی دے دینی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: کرم امن جرگہ: اسلحہ جمع کرانے پر تحفظات، کیا معاہدہ ممکن ہے؟
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ کارکردگی معیشت سے نظر آتی ہے، ہم نے صوبے کا ریونیو 24 فیصد بڑھایا ہے، انہوں نے اگر اپنی معیشت کو پروان چڑھایا ہے تو سامنے لائیں، آئی ایم ایف نے بھی کہا ہے کہ صرف خیبرپختونخوا نے ہمارے اہداف پورے کیے ہیں، ہم نے اپنے ہدف سے 103 ارب روپے زیادہ جمع کیے ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا ’صوبے میں امن بحال کرنا میرا کام ہے اور میں کروں گا، حکومت کے پاس عوامی طاقت نہیں، یہ عوام کے پاس نہیں جا سکتے، ہمارے پاس عوامی طاقت ہے،ضلع کرم میں امن کا مسئلہ 50 سالوں سے ہے، یہ مسئلہ میں ہی حل کروں گا۔
یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈاپور کا حکومت سے مذاکراتی عمل میں شرکت سے انکار، کچھ رہنماؤں کی مشاورت کے باوجود عدم شرکت
ان کا کہنا تھا کہ صوبہ پنجاب 150 ارب خسارے میں جارہا ہے، اس کے باوجود کہتے ہیں ہم نے کمال کیا،کسی صوبے نے اتنی معاشی ترقی نہیں جتنی خیبرپختونخوا نے کی، وفاقی حکومت اور پنجاب خسارے میں ہیں، جو خسارے میں جا رہے ہیں ان کو پھانسی دینی چاہیے۔