گلگت بلتستان پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے راولپنڈی پولیس کو مطلوب دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
گلگت بلتستان پولیس کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق کہوٹہ سے تعلق رکھنے والے 2 ملزمان کو سکردو سے گرفتار کرکے راؤلپنڈی پولیس کے حوالے کیا گیا۔
پولیس کے بیان کے مطابق کہوٹہ سے تعلق رکھنے والی مودت زہرا اور غضنفر عباس کو پولیس چیک پوسٹ کچورا پر روکا گیا اور معمول کی تلاشی کے دوران قومی شناختی کارڈ آن لائن سکین کرنے پر دونوں کے خلاف تھانہ کہوٹہ راولپنڈی میں مقدمہ علت نمبر 884/24 بجرم 496A ت پ درج ہونا ثابت ہوا۔
ملزمان سے دوران تلاشی تقریباً 32 لاکھ 40 ہزار روپے نقدی اور زیورات کی صورت میں تقریباً 5 تولا سونا بھی برآمد ہوا۔
گلگت بلتستان پولیس کی جانب سے مودت زہرا کے شوہر سے رابطہ کرنے پر معلوم ہوا کہ مذکورہ خاتون مبینہ طور پر شوہر کا گھر فروخت کرکے بھاگ گئی ہیں۔ بعدازاں سکردو پولیس نے ضروری قانونی کارروائی کے بعد دونوں ملزمان کو تھانہ کہوٹہ سے بلائی گئی ٹیم کے حوالے کیا۔