پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے قومی ٹیم کے صائم ایوب کو فوری علاج کے لیے لندن بھیجے کا فیصلہ کیا ہے۔ زخمی بلے باز کی میڈیکل رپورٹس لندن بھجوا دی گئی ہیں۔ لندن کے اسپورٹس آرتھو کے ماہر ڈاکٹرز کے ساتھ اپوائمنٹ بھی طے کرلی گئی ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ڈاکٹرز سے مشاورت کے بعد قومی ٹیم کے زخمی بلے باز صائم ایوب کو علاج کے لیے فوری طور پر لندن بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔ چئیرمین نے صائم ایوب سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے خیریت دریافت کی اور ان کی صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صائم ایوب زبردست اسٹائلش بیٹر اور پاکستان کرکٹ کا اثاثہ ہیں۔
مزید پڑھیں: ٹخنے میں فریکچر، صائم ایوب 6 ہفتے کے لیے کرکٹ کے میدان سے باہر
بورڈ ذرائع کے مطابق پاکستان میں ڈاکٹر ممریز صائم ایوب کے علاج معالجے کے سارے کیس کو دیکھ رہے ہیں، ڈاکٹر ممریز نے صائم ایوب کی تمام میڈیکل رپورٹس لندن بھجوا دی ہیں۔
صدر زرداری کا صائم ایوب کو فون، خیریت دریافت کی
صدر آصف زرداری نے بھی کرکٹر صائم ایوب کو ٹیلی فون کرکے پاؤں میں لگنے والی چوٹ کے بارے میں دریافت کیا۔ صائم ایوب کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور صائم ایوب کی شاندار بیٹنگ پرفارمنس کو بھی سراہا۔ صائم ایوب نے صدر کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور شاندار پرفارمنس جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
مزید پڑھیں: پاکستان کے مایہ ناز بیٹسمین صائم ایوب انجری کا شکار کیسے ہوگئے؟
یاد رہے کہ صائم ایوب کیپ ٹاؤن میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں فیلڈنگ کے دوران پاؤں مڑنے سے زخمی ہو گئے تھے۔ انہیں شدید تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ایم آر آئی کے بعد ٹخنے میں فریکچر کی تصدیق ہوئی تھی جس کے باعث وہ 6 ہفتے تک کرکٹ سے باہر ہیں۔