ہم اپنا جہادی کلچر واپس لائیں گے، وزیراعظم آزاد کشمیر

اتوار 5 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ نے آج تک مسلم امہ کا کوئی مسئلہ حل نہیں کیا، ہمیں اپنے حصہ کا کام خود کرنا ہوگا، ہم تمام وسائل جہاد کے لیے بروئے کار لائیں گے اور اپنا جہادی کلچر واپس لائیں گے۔

یوم حق خود اِرادیت کے موقع پر مظفرآباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ 5 جنوری  1949 کو کشمیریوں کو پاکستان یا بھارت میں سے کسی ایک ملک کے ساتھ الحاق کا حق دیا گیا تھا لیکن اقوام متحدہ نے یہ مسئلہ آج تک حل نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیریوں کی جدوجہد ِآزادی کو دبایا نہیں جاسکتا، صدر اور وزیراعظم پاکستان کا یوم حق خود اِرادیت پر اہم پیغام

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارے حصہ کا کام نہیں کرسکتا، یہ کام کشمیریوں کو خود کرنا ہوگا، ہم ہم تمام وسائل جہاد کے لیے بروئے کار لائیں گے اور اپنا جہادی کلچر بھی واپس لائیں گے۔

جلسے میں کشمیری پناہ گزینوں کی بڑی تعداد موجود تھی جبکہ حریت کانفرنس رہنماؤں نے بھی جلسے میں شرکت کی۔ جلسے کے اختتام پر شرکا نے ریلی کی صورت اقوام متحدہ کے فوجی مبصر مشن کی جانب مارچ کیا اور بھارت کے خلاف خوب نعرے بازی کی۔

اسس موقع پر حریت رہنما غلام محمد صفی نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج اقوام متحدہ کو اپنا وعدہ یاد کروا رہے ہیں، کشمیریوں کے ساتھ کیا گیا وعدہ آج تک وفا نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر ہندوستان کا حصہ نہیں ہے، اگر اقوام متحدہ دنیا اور جنوبی ایشیا میں امن چاہتی ہے تو کشمیریوں کو حق خودارادیت کا حق دیا جائے۔ بعدازاں، ریلی کے قائدین نے قائداعظم لاج میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نام یاداشت فوجی مبصر مشن کے حوالے کی۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے عملی اقدامات اٹھائے، حافظ نعیم الرحمان

‎مظاہرین نے فوجی مبصر مشن کی سامنے شدید نعرہ بازی کی۔ یوم حق خود ارادیت کے موقع پر حریت کانفرنس نے گھڑی پن چوک میں بھی بھارت کے خلاف احتجاج کیا۔

واضح رہے کہ آج ‎ آزاد جموں و کشمیر اور پاکستان سمیت دنیا بھر کشمیری یوم حق خود ارادیت منا رہے ہیں۔اس موقع پر صدرمملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اپنے خصوصی پیغامات میں مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مستقل حل پر زور دیتے ہوئے اقوام متحدہ سے اپنے وعدوں کی پاسداری کا مطالبہ کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp