ملک میں دھند، بارش اور برفباری نے ڈیرے جما لیے ہیں جس کے باعث تمام علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔
لاہور سمیت پنجاب میں دھند کی گہری چادر چھائی ہوئی ہے۔ دھند کے باعث موٹروے کے مختلف سیکشنز بند کردیے گئے ہیں، موٹروے ایم 2، ایم 3، ایم 4، ایم 5 اور لاہور موٹروے ایم 11 پر گاڑیوں کا داخلہ بند ہونے سے قومی شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام متاثر ہوا ہے۔
مزید پڑھیں: پورا ہفتہ بارشیں اور برف باری، محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کردی
لاہور، پتوکی، ساہیوال، اوکاڑہ، بوریوالہ، ننکانہ صاحب، قصور، اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ جبکہ لاہور میں ہلکی بارش کے بعد موسم شدید سرد ہوگیا ہے۔
دوسری جانب، کراچی سے خیبر تک شدید سردی کی لہر جاری ہے، بالائی وادیاں اور پہاڑ برف میں ڈھک گئے، زیارت، پارا چنار، چترال اور قلات میں برفباری سے پہاڑ برف سے ڈھک چکے ہیں، برفباری کے بعد سیاحوں کی بڑی تعداد نے بالائی علاقوں کا رخ کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک کے شمالی علاقوں میں برفباری سے نظام زندگی مفلوج
محکمہ موسمیات کے مطابق، آج ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے، تاہم بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، مری، گلیات اورگردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پربرفباری بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، پنجاب کے زیادہ تر میدانی علا قوں اور بالائی سندھ میں صبح اور رات کے اوقات میں درمیانی سے شدید دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے جبکہ اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ صبح کے اوقات میں چند مقامات پرہلکی بارش اور بوندا باندی ہوسکتی ہے۔