بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ ایک بار پھر مؤخر کردیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ 13 جنوری تک مؤخر کردیا ہے۔ عدالتی عملے کا کہنا ہے کہ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا آج رخصت پر ہیں، جس کی وجہ سے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ 13 جنوری کو سنایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ’عمران خان کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ لکھا جا رہا ہے‘
عدالتی عملے نے نیب پراسیکیوٹر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) وکلا کو بھی فیصلے کی نئی تاریخ سے آگاہ کردیا ہے۔ خیال رہے کہ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 ملین پاؤنڈ کا فیصلہ 18 دسمبر کو محفوظ کیا تھا اور فیصلہ سنانے کے لیے 23 دسمبر کی تاریخ مقرر کی گئی تھی۔
تاہم عدالت نے 23 دسمبر کو کیس کا فیصلہ سنائے جانے کی تاریخ ملتوی کرکے نئی تاریخ 6 جنوری مقرر کی تھی۔ آج ایک بار پھر محفوظ فیصلہ نہیں سنایا گیا اور فیصلہ سنانے کی تاریخ 13 جنوری مقرر کردی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی کو 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں سزا ہو جائے گی، رانا ثنا اللہ
واضح رہے کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں گزشتہ سال 27 فروری کو عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کی گئی تھی، 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں اہم گواہان سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان، سابق وزیراعلیٰ پرویزخٹک، سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال نے بیان ریکارڈ کروائے۔