پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے القادر ٹرسٹ کیس کا فیصلہ فوری سنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کسی سے رعایت یا بھیک نہیں مانگ رہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب، سلمان اکرم راجہ اور شبلی فراز کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں عمران خان کے لیے ہاؤس اریسٹ کی پیشکش علی امین گنڈاپور لے کر آئے تھے، علیمہ خان
حکومت پی ٹی آئی مذاکرات کامیاب ہونے چاہییں، بیرسٹر گوہر
اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہاکہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈلاک نہیں آنا چاہیے، اور یہ مذاکرات کامیاب بھی ہونے چاہییں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ ہم پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ مذاکراتی کمیٹی کی عمران خان سے ملاقات کے بعد حکومتی کمیٹی سے تیسری میٹنگ ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ 8 فروری کو پہلے ہمیں الیکشن سے روکا گیا، اور پھر ہماری فتح کو شکست میں بدلا گیا، حکومت کے خلاف ہماری چارج شیٹ کی لمبی فہرست ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہاکہ ہم مذاکرات صرف پاکستان کے عوام کی خاطرکررہے ہیں، عمران خان پر بنایا جانے والا القادر ٹرسٹ کیس بے بنیاد ہے۔
حکومت کی جانب سے ہمیں تحریری مطالبات کا کہنا ٹھیک نہیں، عمر ایوب
اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے کہاکہ حکومت کی جانب سے ہمیں تحریری مطالبات کا کہنا ٹھیک نہیں، ہم چاہتے ہیں کہ عمران خان سمیت تمام اسیروں کی رہائی ہوجائے۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان سمیت دیگر اسیروں کی ضمانت میں حکومت مداخلت نہ کرے، بانی پی ٹی آئی کہہ چکے ہیں کہ میرے ساتھ جو ہوا معاف کرتا ہوں۔
اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ مذاکراتی عمل کو سنجیدگی سے آگے بڑھانا چاہیے، حکومت سے دوٹوک کہا تھا کہ آزادانہ ماحول میں مذاکراتی کمیٹی کی عمران خان سے ملاقات کرائی جائے، لیکن ابھی تک کوئی جواب نہیں ملا۔ ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن بننا چاہیے۔
عمران خان کو لوگوں کے دلوں سے نہیں نکالا جا سکتا، شبلی فراز
پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما شبلی فراز نے کہاکہ القادر ٹرسٹ کیس کا فیصلہ فوری آنا چاہیے، تحریک انصاف کسی سے رعایت یا بھیک نہیں مانگ رہی، عمران خان کو لوگوں کے دلوں سے نہیں نکالا جا سکتا۔
انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے ہمیشہ قانون کی حکمرانی کی بات کی، یہ حکومت 3 سے 4 ماہ کی مہمان ہے۔ ہم صرف یہ کہہ رہے ہیں دباؤ سے آزاد عدلیہ میں فیئر ٹرائل ہو۔
انہوں نے کہاکہ کسی سیاسی جماعت یا لیڈر کو مقدمات بنا کر لوگوں کے دلوں سے نہیں نکالا جاسکتا، اڑان پاکستان کے نام سے یہ لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں۔
ہم مذاکرات میں حکومت کا خلوص اور سنجیدگی دیکھیں گے، سلمان اکرم راجہ
اس موقع پر پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ یہ مت سمجھا جائے کہ یہ کوئی ریوڑ ہے اور اسے ہانک لیں گے، ہم مذاکرات میں حکومت کا خلوص اور سنجیدگی دیکھیں گے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ جو خواہش ہمارے دل میں ہے وہ دوسری جانب نظر نہیں آرہی، پی ٹی آئی کسی سے ڈیل نہیں کرنا چاہتی، ہم قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں بشریٰ بی بی تحریک انصاف کے اندر کیا کردار ادا کر رہی ہیں؟
انہوں نے مزید کہاکہ شفاف الیکشن کرائے بغیر یہ ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، ہم پاکستان کے خیرخواہ ہیں، ہماری بات سنی جائے۔