سفاری پارک میں ہتھنی سونیا کی موت کیسے ہوئی؟ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اہم انکشاف

منگل 7 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ہتھنی سونیا کی موت کے حوالے سے پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بڑا انکشاف سامنے آیا ہے۔

سفاری پارک کراچی میں انتقال کرجانے والی ہتھنی سونیا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آگئی ہے،  پوسٹ مارٹم یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور کے ماہر پیتھالوجسٹ سے کرایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی سفاری پارک کی ہتھنی سونیا کیسے مری؟

رپورٹ کے مطابق انتقال کی وجہ پھیپھڑوں کے ٹشوز اور ایبسسیس میں تنفسی بیماری اور سیپسس پیدا ہونا تھا، بین الاقوامی ماہرین کی مشاورت سے سفاری پارک کی دیگر 2 ہتھنیوں کا بھی مکمل طبی معائنہ کرایا جارہا ہے۔

ترجمان بلدیہ کراچی علی حسن ساجد کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں ہتھنیوں کو جراثیم اور انفکیشنز سے فوری حفاظت فراہم کی جائے گی، بین الاقوامی ماہرین کے تعاون سے سفاری پارک کے جانوروں کی دیکھ بھال کا انتظام کیا جائے گا.

یہ بھی پڑھیں: اپنی ساتھی ’سونیا‘ کی موت کے بعد ’ملکہ‘ غم سے دوچار

 ’سفاری پارک میں ہتھنیوں کی دیکھ بھال کرنے والے عملے کے افراد کے بھی ضروری ٹیسٹ کرائے جارہے ہیں، سفاری پارک اور کراچی چڑیا گھر میں رکھے گئے جانوروں کی دیکھ بھال کا عمل بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

واضح رہے کہ 7 دسمبر کی رات کراچی سفاری پارک کی ہتھنی سونیا کی موت واقع ہوگئی تھی۔ گزشتہ روز ہتھنی سونیا کے پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ منظرعام پر آئی تھی جس میں سونیا کے لیے گئے نمونوں میں بیکٹیریا کی موجودگی کا انکشاف ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پوجا سے سونیا تک

پوسٹ مارٹم رپورٹ میں سونیا کے پاؤں میں موجود پرانا پھوڑا  بیکٹیریا کی بنیادی وجہ بتائی گئی ہے، پھوڑے کے باعث شدید بیکٹیریل انفیکشن جان لیوا ثابت ہوا۔ چند روز قبل کراچی چڑیا گھر سے ہتھنی مدھو بالا کو بھی سفاری پارک منتقل کیا گیا تھا۔ ہتھنی سونیا کے مرنے کے بعد اب سفاری پارک میں 2 ہتھنیاں باقی ہیں۔

یاد رہے کہ 22گزشتہ برس اپریل 2023 کو کراچی چڑیا گھر کی 17 سالہ ہتھنی نورجہاں انتقال کر گئی تھی۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمان کے مطابق ہتھنی گزشتہ کئی دنوں سے بخار میں مبتلا تھی، اسے بچانے کی تمام کوششیں کی گئیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp