حوالگی کی بنگلہ دیشی درخواست کے باوجود شیخ حسینہ کے بھارتی ویزے میں توسیع

بدھ 8 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنگلہ دیشی حکومت کی جانب سے مسلسل شیخ حسینہ واجد کی حوالگی کے مطالبے کو نظر انداز کرتے ہوئے بھارت نے سابق بنگلہ دیشی وزیر اعظم کے ویزے میں توسیع کردی ہے۔

77 سالہ شیخ حسینہ گزشتہ برس اگست میں بنگلہ دیش میں بڑے پیمانے پر اپنے خلاف مظاہروں کے بعد وزیر اعظم کا عہدہ چھوڑ کر بھارت فرار ہو گئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلا دیش نے شیخ حسینہ واجد کی حوالگی کے لیے بھارت سے باضابطہ مطالبہ کردیا

ہندوستانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ویزے کی توسیع حال ہی میں ہندوستان کی مرکزی وزارت داخلہ نے غیر ملکیوں کے علاقائی رجسٹریشن آفس کے ذریعے دی تھی۔

تاہم، ہندوستانی حکام نے ہندوستان میں سیاسی پناہ کی رسمی پالیسی کی عدم موجودگی کا حوالہ دیتے ہوئے شیخ حسینہ کی سیاسی پناہ کے بارے میں قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا ہے۔

مزید پڑھیں: بنگلہ دیش کی معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کے محل کو میوزیم میں بدلنے کا اعلان

نوبل انعام یافتہ محمد یونس کی سربراہی میں بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے 23 دسمبر کو ہندوستان کی وزارت خارجہ کو ایک سفارتی نوٹ کے ذریعے حسینہ کی حوالگی کی باضابطہ درخواست کی۔ تاہم، بھارتی حکام نے مبینہ طور پر ڈھاکہ کی جانب سے طریقہ کار کی کوتاہیوں کی وجہ سے درخواست کو نامکمل قرار دیا تھا۔

ایک متعلقہ اقدام میں، بنگلہ دیش کے محکمہ امیگریشن اور پاسپورٹ نے جولائی میں مظاہروں کے دوران جبری گمشدگیوں اور ہلاکتوں میں ملوث ہونے کے الزامات کے درمیان حسینہ سمیت 97 افراد کے پاسپورٹ منسوخ کر دیے تھے۔

مزید پڑھیں:’سارا پھل ایک ٹوکری میں ڈال دیا‘ شیخ حسینہ واجد بھارت کے لیے درد سر بن گئیں

ملک کے بین الاقوامی فوجداری ٹریبونل نے شیخ حسینہ کے خلاف ایک تازہ وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیا ہے، حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ انسانیت کے خلاف جرائم کے الزام میں نامزد سابق وزیر اعظم اور 11 دیگر افراد کو 12 فروری تک عدالت میں پیش کریں۔

دریں اثنا، میجر جنرل (ریٹائرڈ) اے ایل ایم فضل الرحمان کی سربراہی میں بنگلہ دیش کا قومی خودمختار تحقیقاتی کمیشن بنگلہ حکومت سے بھارت کا دورہ کرنے کی اجازت حاصل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے تاکہ 2009 میں رونما ہونیوالی بنگلہ دیش رائفلز کی بغاوت کے بارے میں شیخ حسینہ سے پوچھ گچھ کی جاسکے، جس میں 74 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں: شیخ حسینہ واجد کا ڈپلومیٹک پاسپورٹ منسوخ، اب کیا ہوگا؟

امریکا میں مقیم شیخ حسینہ کے بیٹے سجیب وازید جوئے نے ان خبروں کی تردید کی کہ ان کی والدہ نے سیاسی پناہ حاصل کرنے کی کوشش کی یا انہیں ویزے کی منسوخی کا سامنا کرنا پڑا ہے، انہوں نے اپنی والدہ کی برطانیہ میں سیاسی پناہ حاصل کرنے سے متعلق قیاس آرائیوں کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا اقدام برطانیہ کی امیگریشن پالیسیوں کے تحت ممکن نہیں ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp