کیا کراچی میں سردی کے باعث 13 افراد کی اموات واقع ہوئیں؟

بدھ 8 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی میں سردی ہو یا گرمی، دونوں موسموں میں اموات کی خبریں ضرور سامنے آتی ہیں، حال ہی میں ایک خبر سامنے آئی ہے کہ شہر قائد میں شدید سردی کے باعث 13 افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں۔

فلاحی ادارے چھیپا فاؤنڈیشن کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ دسمبر سے اب تک شہر بھر سے 43 بے گھر افراد کی لاشیں ملی ہیں اور مرنے والے نشے کے عادی افراد ہیں، جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں ملک میں سردی اور دھند کا راج، آج بارش کہاں ہوگی اور برفباری کہاں؟

چھیپا فاؤنڈیشن کے مطابق مرنے والے ان 43 افرد میں سے 13 کی موت سردی کے باعث ہوئی ہے۔ مرنے والے افراد نشے کے عادی ہونے کی وجہ سے سردی کی شدت برداشت نہیں کرسکے۔

چھیپا فاؤنڈیشن نے بتایا کہ مرنے والے افراد کے پاس خود کو سردی سے بچانے کے لیے کوئی انتظام نہیں تھا۔ نشے سے زیادہ مقدار اور سردی کی شدت ایسے افراد کی موت کا سبب بنتی ہے۔

ہمارے پاس ایسا کوئی میکنزم نہیں، ایدھی فاؤنڈیشن

جب چھیپا فاؤنڈیشن کی جانب سے یہ اعدادوشمار سامنے آئے تو ایدھی فاؤنڈیشن سے بھی نمبرز لینے کی کوشش کی گئی تاکہ اصل تعداد سامنے آسکے۔ مگر ایدھی فاؤنڈیشن نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ان کے پاس ایسا کوئی میکنزم نہیں ہے جس کے ذریعے یہ معلوم کیا جاسکے کہ سردی کی شدت کے باعث کتنے افراد کی موت واقع ہوئی ہے، یا پھر ان لوگوں کے مرنے کی وجہ کوئی اور تھی۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق اموات ہر مہینے میں ہوتی ہیں، عموماً مرنے والے نشے کے عادی ہوتے ہیں لیکن اب ان کی موت ڈوز بڑھ جانے سے ہوئی یا موسم کی شدت سے اس حوالے سے ہم کچھ کہہ نہیں سکتے۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2024 میں نومبر کے مہینے میں 59 جبکہ اسی سال دسمبر میں 37 بے گھر افراد کی اموات واقع ہوئیں، جبکہ سال 2025 کے پہلے مہینے کے 8 دنوں میں 11 افراد کا انتقال ہوا۔

وی نیوز نے رمضان چھیپا سے اس حوالے سے معلوم کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے اپنا مؤقف دینے سے گریز کیا۔

یہ ڈاکٹر ہی بتا سکتے ہیں کہ کس شخص کی موت سردی سے ہوئی، چیف میٹرولوجسٹ

اس سلسلے میں چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز سے جب رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ایک آدھ دن درجہ حرات کراچی میں 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا چکا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کچھ لوگوں کو سردی زیادہ لگتی ہے جبکہ کچھ کو نہیں لگتی، اب حوالے سے ڈاکٹرز ہی بہتر بتا سکتے ہیں کہ کس شخص کی موت سردی کی شدت کے باعث ہوئی اور کون کسی اور وجہ سے موت کے منہ میں چلا گیا۔

بے گھر افراد کی اموات کا تعلق سردی سے زیادہ نشے کی ڈوز سے ہے، ڈاکٹر نور سید

ڈاکٹر نور سید نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اول تو سردی اتنی نہیں ہے، دوسرا یہ ہے کہ سردی کی شدت کے باعث دل کے مریضوں میں ہارٹ اٹیک کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، جبکہ نمونیا ہونے کا بھی خطرہ ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں سردی کی لہر میں شدت، کئی مقامات پر درجہ حرات نقطہ انجماد سے نیچے گرگیا

انہوں نے کہاکہ ان سب باتوں کا علم بھی تب ہوگا جب پوسٹ مارٹم ہو اور ڈاکٹر لکھ کر دے کہ اس شخص کی موت سردی کی وجہ سے ہوئی۔ کراچی میں بے گھر افراد کی اموات کا تعلق سردی سے زیادہ ان کے نشے کی ڈوز سے ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp