ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی اور دھند کا راج برقرار ہے جبکہ شدید دھند کے باعث متعدد حادثات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کی طرف سے منگل کے روز شمالی بلوچستان، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری جبکہ سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں دھند برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا حکومت نے شدید سردی کے باعث سکولوں کی سرمائی چھٹیوں میں 6 جنوری تک اضافہ کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں درجہ حرارت 2، لاہور میں 6، پشاور میں 8، کراچی میں 13، کوئٹہ میں 4 اور گلگت میں منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: طلبہ کے لیے خوشخبری، موسم سرما کی چھٹیوں میں توسیع کا اعلان
دوسری جانب پنجاب میں شدید دھند کی وجہ سے موٹروے کئی مقامات پر ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہے۔ موٹروے ایم 2 ٹھوکر نیاز بیگ سے بابو صابو تک، ایم 3 فیض پور سے ننکانہ تک، ایم 4 عبدالحکیم سے ملتان تک اور ایم 5 شیر شاہ ملتان سے ظاہر شاہ تک ٹریفک کے لئے بند کردی گئی ہے۔
پنجاب میں کئی مقامات پر شدید دھند کے باعث حد نگاہ صفر رہ گئی ہے۔ موٹروے پولیس نے مسافروں کو غیرضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔
دھند کے باعث پنجاب میں ہونے والے مختلف ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 15 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ہلاکتیں چنیوٹ اور ناروال میں ہونے والے حادثات میں ہوئیں۔ اس کے علاوہ رینالہ خورد اور ننکانہ صاحب سے بھی ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے ہیں۔