جو حکومت عمران خان سے ملاقات نہیں کرا سکتی وہ دو بڑے مطالبات پر کیا پیشرفت کرےگی، پی ٹی آئی

جمعرات 9 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ جو حکومت اپنے زیرکنٹرول جیل میں ہماری عمران خان سے ملاقات نہیں کروا سکتی وہ ہمارے دو بڑے مطالبات پر کیا پیشرفت کرےگی۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم ڈیل نہیں انصاف مانگتے ہیں، ہم اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان تحریک انصاف کے تحریری مطالبات میں کیا ہوگا؟

سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی نے کہاکہ ہمارے نوجوان پُرجوش ہیں، ہم بکنے والے لوگ نہیں ہیں۔ گولیاں چلانے کی روایت سے معاشرے میں نفرتیں بڑھ رہی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے تمام عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے مذاکرات شروع کیے ہیں۔ ہماری کمیٹی بااختیار ہے۔ ہمارے کسی سے بیک ڈور مذاکرات نہیں ہورہے، جو مطالبات حکومت کے سامنے رکھیں گے وہ میڈیا کو بھی دیں گے۔

شیخ وقاص اکرم نے کہاکہ حکومت بار بار تحریری مطالبات پر اصرار کرتی رہی جس کے باعث بات چیت تعطل کا شکار ہوئی، تاہم اب عمران خان نے کہا ہے کہ تحریری مطالبات حکومت کو دیے جائیں۔

انہوں نے کہاکہ جوڈیشل کمیشن کی تشکیل انصاف کا تقاضا ہے، اس کے علاوہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے سیاسی اسیروں کو رہا کیا جائے، ہم نفرتوں کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نے ہماری مذاکراتی کمیٹی کی عمران خان سے ملاقات نہیں کروائی، جلسہ رکوانے کے لیے اگر صبح 7 بجے جیل کھلوائی جاسکتی ہے تو ملاقات کیوں نہیں کرائی جارہی۔

یہ بھی پڑھیں اگلی نشست تک عدالتی کمیشن نہیں بنا تو مذکرات روک دیں گے، عمران خان

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی کو اجازت دے دی ہے کہ تحریری مطالبات حکومت کو دیے جائیں، اور اب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی وطن واپسی کے بعد مذاکرات کا تیسرا دور ہونے کا امکان ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp