لاہور ہائیکورٹ : اینٹی کرپشن کو عثمان بزدار کیخلاف کیسز کی تفصیلات کل تک فراہم کرنے کی ہدایت

پیر 17 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائیکورٹ نے اینٹی کرپشن کو سابق وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کیخلاف کیسز کی تفصیلات کل تک فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے خلاف مقدمات کی تفصیلات حاصل کرنے اور ان کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف متفرق درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس طارق سلیم شیخ نے کیس کی سماعت کی، عدالتی حکم پر سابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار عدالت میں پیش ہوئے، عثمان بزدار کی جانب سے غلام سرور نہنگ اور میاں علی اشفاق بطور وکیل پیش ہوئے۔

ایڈیشنل ایڈو کیٹ جنرل ستار ساحل نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالتی حکم کےمطابق پہلے ہی رپورٹ جمع کرا چکے، اسی رپورٹ کےعلاوہ عثمان بزدار کے خاف نہ تو کوئی انکوائری ہے نہ ہی کوئی کاروائی جاری ہے۔

سابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے وکیل غلام سرور نہنگ نے اپنے دلائل میں کہا کہ سرکارنے تین پٹیشنز پر تین مختلف جواب دیتے ہوئے انکوائریوں کی بابت متضاد رپورٹ دی، ڈی جی خان میں عثمان بزدار کے خلاف 10انکوائریز اینٹی کرپشن میں جاری ہیں۔

وکیل عثمان بزدار نے دلائل میں کہا کہ 10 انکوائریز کے علاوہ اینٹی کرپشن نے نئے سرے سے نوٹسز بھیجنا شروع کر دئیے ہیں، الیکشن ہونے والے ہیں، اینٹی کرپشن کی جانب سے عثمان بزدار کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اگر کوئی نیا کیس ہے تو ہمیں اینٹی کرپشن بتا دے، ہم متعلقہ عدالت میں پیش ہو جاتے ہیں۔ پہلے اینٹی کرپشن نے 10 انکوائریز کی رپورٹ جمع کرائی تھی اب کہہ رہے ہیں 12 انکوائریز ہیں۔

عثمان بزدار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ عثمان بزدار کو اینٹی کرپشن کی جانب سے گرفتاری کا خدشہ ہے، عدالت اینٹی کرپشن کو عثمان بزدار کو ہراساں اور گرفتار کرنے سے روکے۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے ریمارکس دیے کہ قتل کیس میں بھی ملزم کو ایف آئی آر دی جاتی ہے تاکہ ملزم اپنا دفاع کر سکے، آپ ملزم کو شکایت کی کاپی کیوں نہیں دے رہے؟

فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے اینٹی کرپشن کو عثمان بزدار کے خلاف تمام کیسز کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp