آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں میچز کی ٹکٹوں پر مشاورت مکمل ہوگئی ہے اور اب جلد ہی چیمپیئنز ٹرافی کے میچز کے ٹکٹس کی فروخت شروع ہوجائے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، جوں جوں چیمپیئنز ٹرافی شروع ہونے کے قریب آرہی ہے، اس سے جڑے تمام معاملات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ اس حوالے سے شائقین کو میچز کی ٹکٹوں کی فروخت کا شدت سے انتظار ہے، جو اب جلد ہی شروع کردی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی: شائقین کرکٹ کا لہو گرمانے کے لیے آئی سی سی نے نیا پرومو جاری کردیا
پاکستان میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے میچز 3 شہروں لاہور، کراچی اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے، جہاں ٹکٹوں کی مختلف کیٹیگریز بنائی گئی ہیں جن میں پریمیئم، وی آئی پی، فرسٹ کلاس اور ہاسپیٹیلیٹی کیٹیگریز شامل ہیں۔
لاہور میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے میچز کے لیے ٹکٹس کی قیمت کم از کم ایک ہزار روپے سے شروع ہوکر 25 ہزار روپے تک جانے کا امکان ہے، دیگر شہروں میں ہونے والے میچز کے لیے ٹکٹس کی قیمت لاہور سے مختلف ہوسکتی ہے، اس حوالے سے بھی مشاورت مکمل ہوگئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی: بھارتی ٹیم کے نہ آنے کے باوجود روہت شرما کا دورہ پاکستان متوقع، مگر کیوں؟
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ لاہور میں کھیلے جانے والے چیمیئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میچ کے ٹکٹ کی کم از کم قیمت 3800 روپے سے شروع ہوگی اور فائنل میچ کے لیے ٹکٹوں کی شرح اس سے الگ رکھی جائے گی۔
واضح رہے آئی سی سی چمپیئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری کو پاکستان میں ہونے جارہا ہے، تاہم ٹورنامنٹ میں شامل ملک بھارت کے تمام میچز نیوٹرل وینیو دبئی پر ہوں گے، کیونکہ بھارت کی جانب سے اپنی ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ چیمپیئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری کو کراچی میں کھیلا جائےگا۔