وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک راز آپ کے سامنے لانا چاہتا ہوں جو مفتی عبدالشکور (مرحوم) کے حوالے سے ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ جب وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا کہ مشکل حالات کے باعث ہم تنخواہیں اور مراعات نہیں لیں گے تو مفتی عبدالشکور مرحوم نے کہا کہ وزیراعظم میرا گزارا اس تنخواہ کے بغیر نہیں ہو سکتا لہٰذا میں اس میں اپنا حصہ نہیں ڈال سکتا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مفتی عبدالشکور رزق حلال پر یقین رکھتے تھے اور بعد ازاں مجھے انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم آپ نے برا تو نہیں منایا جس پر میں نے کہا بلکل نہیں بلکہ مجھے خوشی ہوئی کہ آپ نے سچی بات کابینہ میں کہی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مفتی عبدالشکور (مرحوم) کا یہ راز اس لیے سامنے لانا چاہتا ہوں کہ وہ تو اب اس دنیا میں نہیں لیکن ان کی سچائی اور ایمانداری کا یہ پہلو سامنے آنا چاہیے۔
آج صرف اس ایوان اور کابینہ کا نہیں بلکہ پاکستان کا ایک عظیم مفکر , عظیم مفتی اور عظیم شخص ہم سے جدا ہوگیا جو کہ ہمارا بہت بڑا نقصان ہے.وزیراعظم شہبازشریف pic.twitter.com/hKSz0y2lC2
— PMLN (@pmln_org) April 17, 2023
وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی اجلاس میں مفتی عبد الشکور کے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے پر دکھ و افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ مفتی عبد الشکور ہماری کابینہ کا ایک نگینہ تھے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مفتی عبدالشکور ایک انتہائی ایماندار شخص اور حلیم طبیعت تھے، وہ جید عالم تھے، اب معلوم ہوا کے مسجد کے پیچھے ان کا گھر تھا، انہوں نے الیکشن مہم موٹر سائیکل پر چلائی۔
مفتی عبد الشکور کی حاجیوں کے لیے خدمات
وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں بتایا کہ مفتی عبد الشکور مرحوم نے حاجیوں کی بہت خدمت کی اور بہترین انتظامات کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ مفتی عبدالشکور خود انتظامات کا جائزہ لیتے رہے اور حاجیوں کو مثالی سہولیات فراہم کیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا ایک عظیم مفتیِ ہم سے جدا ہو گیا، یہ ہم سب کا بہت نقصان ہے، وہ جمعیت علمائے اسلام کے ماتھے کا جھومر تھے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور ہفتہ کے روز ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے جس کے بعد انہیں آبائی علاقے لکی مروت میں سپرد خاک کردیا گیا تھا۔