سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف سے بنگلہ دیش کی مسلح افواج ڈویژن کے پرنسپل اسٹاف افسر لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
جمعہ کو پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے بنگلہ دیش کی مسلح افواج کے پرنسپل اسٹاف افسر لیٹیننٹ جنرل ایس ایم قمرالحسن نے پاکستان بحریہ کے ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بنگلادیشی مسلح افواج کے پرنسپل اسٹاف آفیسر کی عسکری قیادت سے ملاقاتیں، شراکت داری بڑھانے پر اتفاق
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا ہے، بحری افواج کے درمیان تربیت، دو طرفہ دوروں اور بحری مشقوں کے انعقاد پرزوردیا گیا ہے۔
ملاقات کے دوران لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمرالحسن نے میری ٹائم سیکیورٹی کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں کو سراہا ، ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین بحری تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
اس سے قبل بنگلہ دیش کی مسلح افواج ڈویژن کے پرنسپل اسٹاف آفیسر لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمرالحسن نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کی تھیں۔
ان ملاقاتوں میں مشترکہ اسٹریٹجک مفادات پر گفتگو ہوئی اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
مزید پڑھیں: دشمن نفرت اور خوف کا بیج بونا چاہتا ہے، کامیاب نہیں ہونے دیں گے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر
ایس ایم قمرالحسن نے منگل کو جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیراور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات کی۔
ملاقات میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جنوبی ایشیا اور خطے میں امن واستحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کو فروغ دینے کا عزم کرتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں ممالک مشترکہ دفاعی اقدامات کے ذریعے علاقائی سلامتی کے لیے شراکت جاری رکھیں گے۔