پاکستانی اسپنر ساجد خان نے کہا ہے کہ ان کی خواہش ہے کہ تمام فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی کروں اور پاکستان سپر لیگ بھی کھیلوں مگر مجھے موقع نہیں دیا جارہا ہے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسٹار آف اسپنر ساجد خان نے کہا کہ میرا ٹی10 میں بھی نام آیا تھا لیکن اس وقت دبئی میں ایک سیریز آگئی تھی، ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ قومی ٹیم کی جانب سے تینوں فارمیٹس میں شامل ہو اور دنیا کی تمام لیگز کھیلے، بدقسمتی سے مجھے ابھی کوئی موقع نہیں مل رہا۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی ٹیموں کی بیٹنگ لائن تہس نہس کرنے والے جادوئی اسپنر ساجد خان تاحال سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم
انہوں نے کہا کہ اگر موقع ملا تو ضرور کھیلوں گا، پاکستان سپر لیگ میں بھی کوئی پروفیشنل آف اسپنر نظر نہیں آیا، کوئی ٹیم اسپنرز کو نہیں لے رہی، یہی وجہ ہے کہ اسپنرز کا ٹیلنٹ سامنے نہیں آرہا۔
ساجد خان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل ہو، ٹی20 یا وائٹ بال فارمیٹ پاکستان میں یہی ہوتا ہے کہ ایک ایسے بیٹر کو سلیکٹ کیا جاتا ہے جو پارٹ ٹائم آف اسپن بولنگ کرتا ہے، اگر آپ اسپنرز کو سلیکٹ نہیں کریں گے یا انہیں ٹیم کے ہمراہ نہیں رکھیں گے تو پاکستان میں اسپنرز کا ٹیلنٹ سامنے نہیں آسکے گا۔
یہ بھی پڑھیں: کرکٹر ساجد خان کا وہ راز جو صرف محمد رضوان جانتے ہیں
آف اسپنر ساجد خان نے مزید کہا کہ خواہش ہوتی ہے کہ ملک کے لیے اچھا کھیلیں، سلیکٹ کرنا نہ کرنا سلیکٹرز کا کام ہے، جب بھی موقع ملتا ہے ٹیم کے لیے اپنی بہترین پرفارمنس دینے کی کوشش کرتا ہوں جب بھی۔
انہوں نے کہا کہ پلان ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف رنز نہیں دینے بلکہ وکٹیں لینی ہیں، دوسری اننگز میں ہمارے بیٹرز ابھی ہیں، ویسٹ انڈیز کو بڑا ٹارگٹ دینے کی کوشش کریں گے، مخالف ٹیم جس مائنڈ سیٹ سے کھیلے گی ہم اسی طرح اپنا پلان بنائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ساجد خان کو منفرد جشن منانے کا خیال کیسے اور کیوں آیا؟
نئی بال سے گیند کرنے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نے ڈومیسٹک میں نئی بال سےکافی بولنگ کی ہے جس کا فائدہ مجھے اس میچ میں ہوا ہے،ایسی پچ پر یہی منصوبہ بنایا ہے کہ رنز نہیں دینے بلکہ وکٹیں لینی ہیں۔
بعد ازاں ویسٹ انڈیز کے اسپنرجومل وریکن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کامران غلام کے ناٹ آوٹ کے فیصلے پر مایوسی ہوئی، لیکن ٹیکنالوجی ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے۔
جومل وریکن نے مزید کہا کہ میچ میں 275 سے 300 رنز تک کا ہدف ہم حاصل کرسکتے ہیں، سیلز نے پچھلی اننگز میں اچھی بولنگ کی تھی، کوشش ہوگی کہ اچھا کھیل پیش کریں۔