سپریم کورٹ نے رکن قومی اسمبلی عادل بازئی کو ڈی سیٹ کیے جانے کا الیکشن کمیشن فیصلہ کالعدم قرار دینے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے، 18 صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس منصور علی شاہ نے تحریر کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ نے عادل بازئی کو ڈی سیٹ کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا
سپریم کورٹ کے تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عدالتی ہدایات کے باوجود الیکشن کمیشن ایسا رویہ اپناتا ہے جو اس کے آئینی فرائض سے مطابقت نہیں رکھتا۔
c.a._1507_2024_20012025 by Asadullah on Scribd
’الیکشن کمیشن سمجھتا ہے کہ اسے دوسرے آئینی اداروں اور ووٹ کے بنیادی حق کو نظرانداز کرنے کا اختیار حاصل ہے۔‘
تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ انتخابات جمہوریت کی زندگی ہیں اور الیکشن کمیشن انتخابی عمل کی دیانتداری کا ضامن ہے، الیکشن کمیشن کے آزاد انتخابی عمل کے بغیر جمہوریت کی بنیاد کمزور ہو جاتی ہے۔
مزید پڑھیں:الیکشن کمیشن کے معاندانہ رویے کیخلاف کے پی حکومت نے رٹ پٹیشن دائر کرنیکا فیصلہ کرلیا
فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن کو سیاسی اثر و رسوخ یا سیاسی مداخلت کا شکار نہیں ہونا چاہیے، الیکشن کمیشن کو جمہوریت کا غیرجانبدار محافظ رہنا چاہیے، الیکشن کمیشن کا حکومت کے حق میں جھکاؤ ظاہر ہو تو یہ سیاسی نظام کی ساکھ کو نقصان پہنچائے گا۔
’انتخابی عمل کی حفاظت کا مرکز عوام کے ووٹ کا حق ہے، حق ووٹ کے استعمال سے جمہوری نظام میں طاقت اور قانونی حیثیت عوام کی مرضی سے حاصل ہوتی ہے۔‘
جسٹس عائشہ ملک کا اضافی نوٹ
عادل بازئی کیس تحریری فیصلے میں جسٹس عائشہ ملک کا اضافی نوٹ بھی شامل ہے، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا بنیادی کردارآزاد اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد ہے، شہریوں کو الیکشن لڑنے اور مرضی کے امیدوار کوووٹ دینے کا حق حاصل ہے۔
’الیکشن کمیشن کودیگر آئینی اداروں سے بالاست تصور نہیں کیا جا سکتا، الیکشن کمیشن آئینی مینڈیٹ کے مطابق، ایک آزاد ادارہ ہے جو آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کرانے کا پابند ہے۔
مزید پڑھیں:الیکشن کمیشن نے گوشوارے جمع نہ کرانے پر 139 عوامی نمائندوں کی رکنیت معطل کردی
جسٹس عائشہ ملک نے لکھا ہے کہ الیکشن کمیشن کی آزادی انتخابات کی سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے ہے، الیکشن کمیشن نے یقینی بنانا ہے کہ عوام کی مرضی منتخب نمائندوں کی حکومت کی صورت میں نظر آئے۔
جسٹس عائشہ ملک کے مطابق الیکشن کمیشن کا مثبت کردار قانون کی حکمرانی کا تحفظ کرتا ہے اور لوگوں کو سیاسی جوڑ توڑ سے بچاتا ہے۔