بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار نے فلم ’بھول بھلیاں‘ کے سیکوئلز میں کام نہ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ انہیں اس فلم سے نکال دیا گیا تھا۔
حال ہی میں اکشے کمار نے ایک تقریب میں شرکت کی جہاں انہوں نے مداحوں کی جانب سے پوچھے گئے مختلف سوالات کے جواب دیے، ایک مداح نے سوال پوچھا کہ انہوں نے بھول بھلیاں فلم کے دوسرے اور تیسرے حصے میں کام کیوں نہیں کیا؟ جس پر اکشے کمار نے انہیں وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’بیٹا! مجھے اس فلم سے نکال دیا گیا تھا‘۔
یہ بھی پڑھیں: اکشے کمار کب تک فلم انڈسٹری میں رہیں گے؟ بالی ووڈ اسٹار نے بتادیا
ایک مداح نے اکشے کمار سے سوال کیا کہ آپ نے پچھلے 10 سالوں کے دوران کامیڈی فلموں میں بہت کم کام کیا ہے، ایسا کیوں ہے؟ اس کا جواب دیتے ہوئے اداکار کا کہنا تھا کہ یہ درست بات ہے کہ انہوں نے کامیڈی فلمیں کم کی ہیں کیونکہ کامیڈی فلمیں میں وہ پہلے ہی بہت کام کر چکے ہیں اور اب وہ سماجی مسائل پر مبنی فلموں میں کام کرنا چاہتے تھے۔
اکشے کمار نے بتایا کہ انہوں نے بہت سی سوشل فلمیں کی ہیں جن میں سرپھرا، ایئرلفٹ، رستم، پیڈمین اور ٹوائلٹ شامل ہیں کیونکہ ہر کسی پر ایک ایسا وقت آتا ہے جب وہ کچھ نیا کرنے کی خواہش کرتا ہے۔
اداکار نے بتایا کہ اب انہوں نے 2-3 کامیڈی فلمیں سائن کی ہیں، جن میں بھوت بنگلہ، ویلکم (ٹو دا جنگل)، اور ہاؤسفل (5) شامل ہیں اور وہ آج کل ان کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔