پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے شاہین شاہ آفریدی کو ٹیسٹ سے ڈراپ کرنے کی وجہ بتاتےہوئے کہا ہے کہ اگر شاہین آفریدی کھیلتے تو محمد عباس کو موقع نہ ملتا۔
عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ ابھی کرکٹ اتنی زیادہ ہورہی ہے کہ آپ تینوں فارمیٹس کھیلتے ہیں، پھر ٹیسٹ میں آپ کو 25، 30 اوؤرز کرانے پڑتے ہیں، اس کے بعد آپ 3 مہینے تک 4 روزہ کرکٹ ہی نہیں کھیلتے، تو پھر آپ کو دوبارہ ٹیسٹ میچ میں باؤلنگ کرانی پڑتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے:جنوبی افریقہ سیریز کے دوران آرام دیا گیا یا ڈراپ کیا گیا؟ شاہین شاہ آفریدی کی ویڈیو وائرل
انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ جب ٹیسٹ باؤلرز 25، 30 اوؤرز کراتے ہیں تو آخری کھلاڑیوں کو آؤٹ کرانے کے لیے درکار توانائی ان میں کم پڑتی ہے، اگر کیپ ٹاؤن میں شاہین شاہ آفریدی کھیلتے تو محمد عباس نہ کھیلتے، محمد عباس کی ہی وجہ سے ہم میچ کے اتنا نزدیک گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ سارے باؤلرز کو ہدف بنانا ہوگا کہ ٹیسٹ میچ آرہا ہے، اس سے پہلے اگر ہم لیگز کھیل سکتے ہیں تو 4 روزہ کرکٹ بھی کھیلیں تاکہ ٹیسٹ میچ کے لیے درکار قوت پیدا ہو۔
واضح رہے کہ فاسٹ بولر شاہین آفریدی کو جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں آرام دیا گیا تھا۔