پاکستان نے سوڈان کے شہر الفاشر میں سعودی اسپتال پر حملے کی مذمت کی ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت خان نے کہا ہے کہ حملہ میں مبینہ طور پر 70 افراد کی ہلاکتیں ہوئی ہیں، یہ حملہ بین الاقوامی قانون کی واضح خلاف ورزی ہے اور ایسے حملوں سے معصوم شہریوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان متاثرین اور ان کے اہل خانہ سے اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کرتا ہے، پاکستان سمجھتا ہے کہ تنازعات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے:سوڈان میں سعودی اسپتال پر حملے کی مذمت: سعودی عرب کا انسانی قوانین کی پاسداری پر زور
ان کا کہنا تھا کہ ہم سوڈان کے اتحاد، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اظہار کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سوڈان کے شہر الفاشر میں موجود ایک سعودی اسپتال پر حملے میں 70 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ اسپتال پر ڈرون حملہ سوڈانی فوج کے خلاف سرگرم ’ریپڈ سپورٹ فورسز‘ نامی ملیشیا نے کیا تھا۔