عید کی چھٹیوں میں زمان پارک کے باہر کیسا ماحول ہو گا ؟

منگل 18 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک کے باہر گزشتہ کافی عرصے سے ایک میلے جیسا منظر شام کے وقت دیکھنے کو ملتا ہے۔ لوگوں کا یہ ہجوم کبھی کیمپس میں اور کبھی عمران خان کے گھر کے دروازے کے باہر نظر آتا ہے۔

یہ سیاسی کارکنان عید کے موقع پر کہاں ہوں گے یہ سوال ہر کسی کے ذہن میں گھوم رہا ہے۔ وی نیوز نے اس سوال کا جواب ڈھونڈ نکالا ہے۔

وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی سینیئر رہنما مسرت جمشید چیمہ کا کہنا تھا کہ عید کا تہوار ہے تو ہر کوئی اپنے بچوں میں عید گزارنا چاہتا ہے اس لیے پارٹی کی طرف سے کسی پر کوئی پابندی نہیں ہے جو لاہور سے باہر کے کارکنان ہیں وہ اپنے اپنے گھروں کو لوٹ جائیں گے اور اپنے پیاروں کے ساتھ عید کریں گے۔

پی ٹی آئی لاہور کی تنظیم عید پر زمان پارک کے باہر ڈیوٹی دے گی

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے لاہور سے باہر رہنے والے کارکنوں کو تو گھروں میں عید منانے کی اجازت دے دی مگر جو لاہور کی مقامی تنظیم کے رکن اور کارکنان ہیں وہ 24 گھنٹے زمان پارک کے باہر لگے خمیوں میں موجود رہ کر اپنی عید اور ڈیوٹی ساتھ ساتھ کریں گے۔

زمان پارک کے باہر چاند رات کو کیا ہوگا؟

ان کا کہنا تھا کہ جمعرات کی شام سے زمان پارک کے باہر مختلف قسم کے ٹھیلے لگائے جائیں گے۔ بچوں کے لیے پلے لینڈ بنایا جائے گا۔ خواتین کے لیے مہندی، جیولری کے اسٹالز لگائے جائیں گے اور میوزک کا بھی بھر پور انتظام ہوگا۔

فوڈز کے برینڈز بھی اپنے سٹالز لگائیں

انہوں نے بتایا کہ فن گالہ کے ساتھ زمان پارک کے باہر فوڈز کے برینڈز بھی اپنے اپنے اسٹالز لگائیں گے۔ یہ ایشیا لیول کے فوڈز کے اسٹالز ہوں گے جہاں پر گہما گہمی ہوگی۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ زمان پارک کے باہر ہونے والی اس سرگرمی کے لیے پورے لاہور میں تشہیر کی جائے گی تاکہ ہر خاص و عام کو پتہ لگ سکے کہ لاہور کا بڑا میلہ عید کے روز زمان پارک میں ہوگا۔

عمران خان عید کی نماز کہاں ادا کریں گے ؟

انہوں نے بتایا کہ کافی عرصے بعد عمران خان عید کی نماز زمان پارک میں کارکنان اور پارٹی رہنماؤں کے ساتھ ادا کریں گے اور عید کے دن گھر میں سیاسی بیٹھک کا بھی اہتما م کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp