امریکا سے تعلق رکھنے والی خاتون اونیا اینڈریو رابنسن گزشتہ دنوں کراچی کے نوجوان کی محبت میں گرفتار ہوکر پاکستان آئی تھیں تاہم لڑکے کے شادی سے انکار کرکے غائب ہونے پر خاتون نے ایئرپورٹ پر واپسی سے انکار کردیا ہے۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق امریکی خاتون کے واپسی سے انکار پر انہیں جہاز سے آف لوڈ کردیا گیا، خاتون نے پہلے امیگریشن کرانے اور پھر جہاز میں سوار ہونے سے انکار کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق جہاز میں سوار کرانے کی تگ و دو میں پرواز 36 منٹ تاخیر کا شکار ہوئی تاہم سیکیورٹی ایس او پیزکے مطابق کسی مسافر کو زبردستی پرواز میں سوار نہیں کرایا جاسکتا اس لیے خاتون کو آف لوڈ کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے:پیار میں دھوکا: پاکستانی نوجوان کی محبت میں گرفتار امریکی خاتون کراچی پہنچ کر دربدر ہوگئی
33 سالہ شادی شدہ امریکی خاتون اور 2 بچوں کی ماں 11 اکتوبر کو کراچی کے 19 سالہ ندال میمن کی محبت میں گرفتار ہوکر کراچی پہنچی تھیں تاہم نوجوان کے اہل خانہ نے خاتون کی عمر زیادہ قرار دے کر رشتے سے انکار کردیا جس کے بعد لڑکا بھی غائب ہوگیا۔
اس کے بعد دلبرداشتہ خاتون کراچی میں دربدر پھرتی رہی اور گزشتہ 7 روز سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر موجود تھی، جہاں اس کی گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں فیس بک رومانس: پاکستانی نوجوان شادی کے لیے بنگلہ دیش پہنچ گیا
گورنر کامران ٹیسوری نے خاتون کو پریشانی کی حالت میں دیکھ کر فوری ویزا جاری کرا دیا جس کی مدت 11 فروری تک کے لیے ہے، گورنر نے خاتون کی امریکا واپسی کے لیے ٹکٹ کا بندوبست بھی کرا دیا تھا لیکن پرواز کے وقت انہوں نے جہاز میں بیٹھنے سے انکار کردیا جس پر اسے آف لوڈ کیا گیا۔













