وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے جمعرات کے روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و محصولات کو آگاہ کیا کہ تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس ریٹرن فارم کو آسان بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔
اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے یہ بھی کہا کہ حکومت تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کا بوجھ کم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ٹیکس پالیسی وِنگ کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے الگ کیا جا رہا ہے۔ آئندہ مالی سال سے ٹیکس پالیسی کا کام مکمل طور پر وزارت خزانہ انجام دے گی، جبکہ ایف بی آر ٹیکس وصولی پر توجہ مرکوز کرے گا۔
مزید پڑھیں: وزیر خزانہ نے تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کا بوجھ کم کرنے کا اشارہ دے دیا
کمیٹی کے ارکان نے وزیر خزانہ سے ایف بی آر اور وزارت خزانہ کی کارکردگی کے بارے میں سوالات کیے اور دریافت کیا کہ ایف بی آر کی صلاحیت بڑھانے کے لیے ملنے والے غیر ملکی فنڈز کس طرح استعمال کیے جا رہے ہیں۔ ایف بی آر کے چیئرمین نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ ایف بی آر نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے مقرر کردہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی ہدف کو حاصل کرلیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے نصف میں ہونے والی ٹیکس کمی آئندہ مہینوں میں بڑھ سکتی ہے، تاہم انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ مالی سال کے اختتام تک اس کمی کو پورا کر لیا جائے گا۔