دنیا بھر میں ادرک کھانا پکانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے لیکن ادرک کی تازگی زیادہ دنوں تک برقرار نہیں رہتی اسی لیے اگر آپ اس کا پاؤڈر بنا کر رکھ لیں گے تو نہ تو آپ کو روزانہ ادرک چھیلنا پڑے گا اور نہ ہی اسے کھانے میں استعمال کرنے کے لیے پیسنا پڑے گا۔
ادرک ہاضمے میں مدد دیتا ہے، متلی کو کم کرنے اور زکام اور فلو سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
زیادہ تر لوگ ادرک کو کم مقدار ہی میں خریدتے ہیں کیونکہ ادرک کی تازگی زیادہ دنوں تک برقرار نہیں رہ سکتی۔
اسی لیے ادرک کا پاؤڈر بنا لینے سے ایک تو کھانا بنانے کے دوران اسے چھیلنے اور پیسنے کے جھنجھٹ سے بھی نجات مل جائے گی اور دوسرا اسے زیادہ عرصہ تک استعمال بھی کیا جا سکتا ہے۔
ادرک کا پاؤڈر بنانے کا طریقہ
1۔ تازہ ادرک لیں
ادرک کا پاؤڈر بنانے کے لیے سب سے پہلے آپ کو کچھ تازہ ادرک لینا ہو گی۔ اس بات کا خیال رکھیں کہ ادرک تازہ ہو۔
یہ تسلی کرنے کے لیے کہ ادرک تازہ ہے یا نہیں، جو ادرک آپ نے خریدی ہے اس میں سے ایک ادرک کا چھوٹا سا ٹکڑا علیحدہ کر لیں اگر ادرک کے اس ٹکڑے میں ریشے نہ ہوں تو ادرک تازہ ہو گا۔
پاؤڈر بنانے کے لیے ایسی ادرک کا استعمال کریں جس میں کم ریشے ہوں کیونکہ ریشے والی ادرک کا پاؤڈر بنانا مشکل ہو جاتا ہے۔
2۔ ادرک کو دھونا اور خشک کرنا
ادرک کو اچھی طرح سے دھو لینے کے بعد اسے کسی صاف کپڑے سے خشک کر لیں۔
اب اس ادرک کوکچن یا کمرے میں قدرتی طور پر خشک ہونے کے لیے رکھ دیں۔
3۔ ادرک چھیلنا اور کاٹنا
خشک کیے گئے ادرک کوچھیل لیں اور ادرک کو باریک ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔
ادرک کے ٹکڑے جتنے پتلے ہوں گے ادرک کا پانی اتنی ہی جلد خشک ہو گا۔
4۔ ادرک کے ٹکڑوں کودھوپ میں خشک کرنا
ادرک کے باریک کٹے ہوئے ٹکڑوں کو کسی ٹرے میں ڈال لیں اور اس بات کا دھیان رکھیں کہ ان کے درمیان فاصلہ ہو تا کہ ادرک اچھی طرح سے خشک ہو جائے۔
ادرک کے ٹکڑوں کو کم سے کم 9 سے 10 دن تک دھوپ میں رکھیں۔ ادرک کوخشک کرنے کے دنوں میں اس کی دونوں اطراف باری باری تبدیل کرتے رہیں تاکہ ادرک اچھی طرح سے خشک ہو جائے۔
5۔ خشک ادرک کو پیسنا
خشک ادرک کے ٹکڑوں کو گرائنڈر میں ڈال کر پیس لیں اور اس کا باریک پاؤڈر بنا لیں۔ پاؤڈر میں اگر کچھ بڑے ٹکڑے رہ بھی جائیں تو انہیں چھان لیں اور دوبارہ پیس لیں۔
ادرک کے پاؤڈر کو کس طرح سے محفوظ کیا جا سکتا ہے؟
ادر ک کے پاؤڈر کو ائیر ٹائٹ کنٹینر میں محفوظ کر لیں۔ کنٹینر صاف اور خشک ہونا چاہیے تا کہ ادرک کے پاؤڈر میں نمی نہ بنے۔
کنٹینر کو ٹھنڈی اور خشک جگہ پر رکھیں یا اسے آپ فریج میں بھی رکھ سکتے ہیں۔اس ادرک کے پاؤڈر کو مہینوں تک استعمال کیا جا سکتا ہے۔