سہ ملکی سیریز، چیمپیئنز ٹرافی: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم پاکستان کے لیے روانہ

پیر 3 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم پاکستان میں ہونے والی سہ ملکی سیریز اور آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے روانہ ہوچکی ہے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان جنوبی افریقہ کے خلاف سہ ملکی سیریز اور آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے پاکستان روانہ ہوچکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سہ فریقی سیریز کے دوران پاک فوج اور رینجرز جوانوں کی تعیناتی کی منظوری

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے اپنی پوسٹ میں مزید بتایا کہ کیویز کا سہ ملکی سیریز میں 8 فروری (ہفتہ) کو لاہور میں پاکستان کے خلاف میچ ہوگا۔

سہ ملکی سیریز سے قبل وفاقی حکومت نے لاہور میں پاک فوج اور رینجرز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزارت داخلہ نے 5 سے 10 فروری تک آرمی اور رینجرز کی تعیناتی کی منظوری دیدی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں ہونے والی سہ ملکی سیریز سنگل لیگ کی بنیاد پر 8 سے 14 فروری تک کھیلی جائے گی جس کے ابتدائی 2 میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے جبکہ آخری لیگ میچ اور فائنل کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: شائقین کرکٹ چیمپیئنز ٹرافی کے ٹکٹس کہاں کہاں سے حاصل کرسکتے ہیں؟

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا آغاز 8 فروری کو قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا جبکہ دوسرا میچ 10 فروری کو نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے مابین ہوگا۔

پاکستان 12 فروری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جنوبی افریقہ کے خلاف  ڈے نائٹ میچ کھیلے گا۔ سیریز کا فائنل 14 فروری کو کراچی میں ہی کھیلا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp