آپ نے کپڑوں اور الیکٹرونکس سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی ہول سیل مارکیٹس کا تو سنا ہوگا لیکن کوئٹہ کے علا قے سی روڈ پر پرندوں کی بھی ایک ہول سیل مارکیٹ موجود ہے جہاں انسانوں کی نسبت پرندوں کی آوازیں زیادہ سنائی دیتی ہیں۔
اس مارکیٹ کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں موجود تمام پرندوں کی افزائش مقامی طورپر کی جا تی ہے جبکہ مارکیٹ میں انواع و اقسام کے لَو برڈز، چکور، تیتر اور آسٹریلین طوطوں سمیت کئی اقسام کے پرندے ہول سیل ریٹ پر مل جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں طوطا لاپتا، تلاش گمشدہ کے اشتہار آویزاں
وی نیوز سے گفتگو کر تے ہوئے پرندوں کے تاجر محمد حنیف نے بتایا کہ وہ گزشتہ 3 دہائیوں سے اس کاروبار سے منسلک ہیں اور ان کے پاس مختلف اقسام کے پرندے موجود ہیں جن میں سے کچھ کی افزائش وہ خود کر تے ہیں جبکہ باقی پرندے وہ لوگوں سے خرید کر فروخت کرتے ہیں۔
محمد حنیف نے کہا کہ لوگ پرندے پالنے کے شوق کے لیے لاکھوں روپے خرچ کر تے ہیں لیکن یہ مارکیٹ ایسے لوگوں کے لیے ہے جو کم داموں میں پرندے خریدنے کے خواہش مند ہو تے ہیں۔
مزید پڑھیے: ملتان میں ہرن فارمنگ، منافع بخش کاروبار بھی اور ماحولیات کی خدمت بھی
مارکیٹ میں اس وقت سب سے زیا دہ ڈیمانڈ چکور، تیتر اور آسٹریلوی طوطوں کی ہے۔ مہنگائی نے جہاں دیگر کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کیا ہے وہیں پرندوں کی اس مارکیٹ میں بھی آج کل کاروبار نہ ہونے کے برابر ہے۔