فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ پر قبضے سے متعلق بیان کو مضحکہ خیز اور غیر معقول قرار دے دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس کے عہدیدار سمیع ابو زہری نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا غزہ سے متعلق بیان مضحکہ خیز اور غیرمعقول ہے، ایسے بیانات سے خطے میں آگ بھڑک سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں بہت جلد غزہ پر قبضہ کرلیں گے اور ہم اس کے مالک ہونگے، ڈونلڈ ٹرمپ کا نیتن یاہو کے ہمراہ پریس کانفرنس میں دعویٰ
دوسری جانب پاکستان میں حماس کے ترجمان خالد قدومی نے کہا ہے کہ ہم فلسطینیوں کے حقوق پر کوئی کمپرومائز نہیں کریں گے، غزہ دوبارہ بنے گا اور پہلے سے زیادہ مضبوط ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے اللہ کی مدد سے اسرائیل کو شکست سے دوچار کیا ہے، اسرائیلی فوج کا غزہ میں وجود نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے غزہ کی پٹی پر قبضے کا اعلان کیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا غزہ کی پٹی پر قبضہ کر لے گا، اور ہم اس کے مالک ہوں گے۔ اس قبضے کا مقصد اس علاقے میں استحکام لانا ہے، جس کے لیے طویل عرصہ تک غزہ امریکا کی ملکیت ہوگی۔ پھر امریکا غزہ کی ترقی کے لیے کام کرے گا اور علاقے کے لوگوں کو ملازمتیں دے گا، اور وہاں شہریوں کو بسایا جائے گا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ان کے منصوبے کے تحت مصر اور اردن فلسطینیوں کو پناہ فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مشرق وسطیٰ کے دیگر رہنماؤں سے بات چیت ہوئی ہے، انہیں فلسطینیوں کو غزہ سے منتقل کرنے تجویز پسند آئی ہے۔
ادھر امریکی صدر کے بیان پر سعودی عرب نے سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ فلسطینی ریاست کے قیام کے حوالے سے مملکت کا مؤقف اٹل، غیر متزلزل اور غیر مشروط ہے، سعودی عرب کسی بھی قسم کی سودے بازی یا مذاکرات کا حصہ نہیں بن سکتا۔
یہ بھی پڑھیں ’ فلسطین سے متعلق مؤقف غیرمتزلزل ہے ‘، ٹرمپ نیتن یاہو پریس کانفرنس پر سعودی عرب کا سخت ردعمل
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کے فلسطین سے متعلق مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے 15 ربیع الأول 1446 (18 ستمبر 2024) کو مجلس شوریٰ کے پہلے اجلاس کے افتتاحی خطاب میں اس مؤقف کو دوٹوک الفاظ میں دہرایا، اور واضح کیا کہ مملکت فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم نہیں کرے گی۔