سابق وزیراعظم پاکستان اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی کم ہورہی ہے جبکہ ملک کی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے اور معاشی ترقی کے تسلسل سے ہی حالات بدل سکتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے لاہور میں پنجاب سے منتخب اراکین صوبائی اسمبلی سے ملاقات کے دوران کی جس میں وزیراعلئٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔
مزید پڑھیں: معاشی استحکام بحال، فچ ایجنسی نے پاکستان کی معاشی صورتحال پر رپورٹ جاری کردی
ملاقات میں فیصل آباد، چینیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ کے اضلاع کے ارکان شامل تھے جس میں پنجاب میں ترقیاتی کاموں اور عوامی خدمت کے منصوبوں پر غور کیا گیا۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت بڑی عبادت ہے اور جب نیت ٹھیک ہوگی تو اللہ تعالیٰ کی مدد آئے گی۔
مسلم لیگ ن کے قائد کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف محنت کررہے ہیں جس کے سبب معیشت بہتری کی طرف جارہی ہے، مہنگائی میں کمی ہورہی ہے اور اسٹاک ایکسچینج میں انڈیکس بھی بہتر ہوا ہے۔
مزید پڑھیں: مہنگائی میں بڑی کمی کے حکومتی دعوے، عوام کے لیے کیا کچھ سستا ہوا؟
نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ اداروں اور نظام کی اصلاح پر ٹھوس پیشرفت جاری ہے اور معاشی ترقی کے تسلسل سے ہی حالات بدل سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب ان کا اور پارٹی کا سر فخر سے بلند کیا۔
اس موقعے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام خدمت نواز شریف، شہباز شریف اور ن لیگ کی پہچان ہے۔