وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی کال پر آج یوم سیاہ منایا جا رہا ہے۔ قوم اپنے مینڈیٹ پر ڈالے گئے تاریخی ڈاکے کے خلاف احتجاج کر رہی ہے۔ آج کا یوم سیاہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔
علی امین گنڈاپور نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کارکنان کے ساتھ عوام بھی احتجاج میں شریک ہیں۔ 17 نشستیں جیتنے والی پارٹی کو اقتدار دے کر اردلی حکومت ملک پر مسلط کر دی گئی۔ دنیا بھر اور ملکی تاریخ کے سب سے دھاندلی زدہ انتخابات کو فری اینڈ فئیر قرار دیا گیا، جبکہ فارم 47 کی بنیاد پر بنی نااہل حکومت نے پاکستان کے ہر ادارے کو تباہ کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی احتجاج: وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کارکنان کے بغیر صوابی جلسے کے لیے روانہ، پنجاب میں کریک ڈاؤن
انہوں نے مزید کہا کہ 26 نومبر اور 9 مئی کے واقعات میں ملوث حکومت جوڈیشل کمیشن بنانے سے خوفزدہ ہے، کیونکہ جوڈیشل کمیشن کے قیام سے تمام حقیقت سامنے آ جائے گی اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے گا۔