پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی 8 فروری کو ’یوم سیاہ‘ اور احتجاج کی کال پر ملک بھر میں ریلیاں نکالی گئیں جبکہ خیبر پختونخوا میں صوابی کے مقام پر بڑے جلسہ عام کا اہتمام کیا گیا، اس دوران ملتان اور مظفر آباد آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
ہفتہ کے روز ملتان میں پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مہر بانو قریشی، زاہد بہار ہاشمی اور دلیر مہر سمیت 10 سے زیادہ کارکنوں کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر حراست میں لے لیا گیا۔ اسی طرح مظفر آباد میں آزادی چوک پر احتجاج کی کوشش کرنے پر اپوزیشن لیڈر آزاد کشمیر خواجہ فاروق، صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی کو گھر پر نظر بند کردیا گیا، جبکہ متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
خون کا بدلہ خون ہے، نفرتیں بڑھائیں گے تو پاکستان کو نقصان ہوگا، علی امین گنڈاپور
صوابی میں پی ٹی آئی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہاکہ خون کا بدلہ خون ہے، اگر ہم نے بدلہ لینے کا سوچ لیا تو ہمارے مخالفین برداشت نہیں کرسکیں گے، لیکن نفرتیں بڑھنے سے ملک کو نقصان ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ جیتنی ہے اور یہ عوام کی حمایت کے بغیر نہیں جیتی جا سکتی۔ عمران خان نے ملک کی خاطر مذاکرات کی بات کی۔
وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے ’اووو، اووو‘ کے مقابلے میں ’تھو، تھو، تھو‘ کا نعرہ لگا دیا@AliAminKhanPTI @PTIofficial pic.twitter.com/qQPNOO7i3y
— WE News (@WENewsPk) February 8, 2025
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہاکہ ہم ملک میں آئین و قانون کی بالادستی چاہتے ہیں، نظریہ کبھی مرتا نہیں، نہ ہی ختم ہو سکتا ہے۔ تم لوگ پارلیمنٹ میں بیٹھ کر بھی ہار گئے ہو۔
جلسہ عام سے خطاب کے دوران خطاب میں انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف نے ’اووو‘ کرکے احتجاج کا نیا طریقہ بتایا ہے، لیکن یہ سب تو مہذب معاشروں میں ہوتا ہے۔
اب گولیوں کا مقابلہ کرنے کی تیاری کے ساتھ آئیں گے، جنید اکبر کی دھمکی
پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس بار جب ہم عمران خان کی کال پر احتجاج کے لیے نکلیں گے تو گولیوں کی تیاری کے ساتھ نکلیں گے۔
انہوں کہاکہ وزیر داخلہ محسن نقوی کو شرم آنی چاہیے جو یہ کہتا ہے کہ اب اگر کوئی احتجاج کرےگا تو 26 نومبر جیسا جواب دیا جائےگا۔ انہوں نے ہمارے نہتے کارکنوں پر گولیاں چلائیں۔
جنید اکبر نے کہاکہ جو لوگ کہتے تھے کہ پی ٹی آئی کے کارکنان تھک گئے ان کو آج پیغام مل گیا، یہ لوگ ہماری خواتین کو نہیں توڑ سکے تو ہمارے کارکنوں کو کیا توڑیں گے۔ اوورسیز پاکستانی بالکل ترسیلات زر نہ بھیجیں کیونکہ ’وہ‘ آپ کے بھیجے ہوئے پیسوں سے ہمارے کمروں اور واش رومز میں کیمرے لگواتے ہیں۔
وہ پارٹیاں گراتے اور بناتے ہیں، وہ آپ کے بھیجے ہوئے پیسوں سے ہمارے کمروں اور واش رومز میں کیمرے لگاتے ہیں، جنید اکبر خان کا صوابی جلسے میں خطاب@JunaidAkbarMNA @PTIofficial pic.twitter.com/XDO84GRE6J
— WE News (@WENewsPk) February 8, 2025
صدر پی ٹی آئی کے پی نے کہاکہ عمران خان جب بھی کال دیں گے ہم تیاری کے ساتھ بڑی تعداد میں نکلیں گے۔ 26 نومبر کو ہمارے ساتھ جو کچھ ہوا ہمیں اداروں سے اس کی امید نہیں تھی۔
جنید اکبر نے کہاکہ پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چوری کرنے والوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ ان لوگوں کو پارلیمنٹ تو دے سکتے ہیں، لیکن دلوں پر راج نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ مضبوط پاکستان کے لیے مضبوط ادارے ہونے چاہییں، لیکن یہ تب ہوتا ہے جب اداروں کے پیچھے عوام ہوں۔
جنید اکبر نے کہاکہ اداروں نے حکومت کی صورت میں جو بندوق اپنے اپنے کندھوں پر رکھی ہے یہ ان کے لیے بھی بہت خطرناک ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کا شکریہ جنہوں نے ہمیں سپورٹ کیا اور ہماری بات دنیا تک پہنچی۔
پاکستان کی سیاست عمران خان کے بغیر نہیں چل سکتی، بیرسٹر گوہر
جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہاکہ عمران خان جلد عوام کے درمیان ہوں گے، کیسز بنانے والوں نے ہر حربہ کرکے دیکھ لیے لیکن عوام کے دلوں سے محبت نہیں نکال سکے۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان نے ملک اور جمہوریت کی خاطر مذاکرات کی بات کی لیکن اس سے کچھ نہیں نکل سکا۔
پاکستان کی سیاست عمران احمد خان نیازی کے بغیر نامکمن ہے، بیرسٹر گوہر @BarristerGohar @PTIofficial pic.twitter.com/pAA8CFNcVx
— WE News (@WENewsPk) February 8, 2025
بیرسٹر گوہر نے کہاکہ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ایک سال بعد پھر تاریخ رقم کردی ہے، پاکستان کی سیاست عمران خان نیازی کے بغیر نہیں چل سکتی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ عمران خان نے کہاکہ ہم فوج کی قربانیوں کا برملا اعتراف کرتے ہیں، لیکن فوج اور عوام کے درمیان خلیج نہیں بڑھنی چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ آج ملک بھر میں عوام احتجاج کررہے ہیں، یہ محب وطن ہیں، ان کی آواز کو سننا ہوگا۔ عمران خان جلد عوام کے درمیان ہوں گے۔
عمران خان ڈٹا ہوا ہے، جیل کچھ نہیں بگاڑ سکی، سلمان اکرم راجا
پی ٹی آئی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہاکہ عمران خان کا پیغام ہے کہ فتح ہماری ہی ہوگی، جیل کپتان کا کچھ نہیں بگاڑ سکی وہ ڈٹا ہوا ہے۔
عمران خان چٹان کی طرح کھڑا ہے جیل اس کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، سلمان اکرم راجہ کا صوابی جلسے میں خطاب @PTIofficial pic.twitter.com/6vw5nRrljx
— WE News (@WENewsPk) February 8, 2025
انہوں نے کہاکہ آپ نے پاکستان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑا ہونا ہے، اور ملک کو حقیقی آزادی کی طرف لے کر جانا ہے۔
واضح رہے کہ 8 فروری کو عام انتخابات کے انعقاد کا ایک سال مکمل ہونے پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ملک گیر احتجاج اور یوم سیاہ کی کال پر ہفتہ کے روز صوابی میں پی ٹی آئی کے جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا تھا، جلسہ گاہ میں 80 فٹ چوڑا اور 40 فٹ اونچا اسٹیج بنایا گیا، جبکہ 8 ہزار سے زیادہ کرسیاں لگائی گئی تھیں اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے 1400 اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔
پی ٹی آئی صوابی جلسہ: سیکیورٹی کے سخت انتظامات۔ pic.twitter.com/lhi65e7x0T
— WE News (@WENewsPk) February 8, 2025
مل کر رجیم تبدیل کریں گے، عمر ایوب
قبل ازیں قومی اسمبلی میں اپوزیشن رہنما عمر ایوب نے کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو عوام نے ووٹ عمران خان کو دیا تھا لیکن راتوں رات ایجنسیوں اور نگران حکومت نے نتائج تبدیل کیے اور ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا۔ بلوچستان کے 8 اضلاع میں قومی ترانہ نہیں گایا جا رہا، جھنڈا نہیں لہرایا جا رہا۔ ہم مل کر اس رجیم کو تبدیل کریں گے۔
8فروری کو اپنے ووٹ عمران خان کو دیا تھا لیکن رات و رات ایجنسیوں اور نگران حکومت نے نتائج تبدیل کیے اور ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا۔ بلوچستان کے 8 اضلاع میں قومی ترانہ نہیں گایا جا رہا، جھنڈا نہیں لہرایا جا رہا۔ ہم مل کر اس رجیم کو تبدیل کریں گے۔ عمر ایوب pic.twitter.com/4ltKC49RrN
— WE News (@WENewsPk) February 8, 2025
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی جلسہ کل صوابی میں ہوگا، ٹکراؤ سے گریز کا اعلان
اسلام آباد انتظامیہ کی شہریوں سے اپیل
اسلام آباد انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر ریڈ زون کے داخلی و خارجی راستے جن میں سرینہ، نادرا، میریٹ ہوٹل، ایکسپریس چوک اور ٹی کراس بری امام عارضی طور پر بند ہیں۔
ٹریفک پولیس اور اسلام آباد انتظامیہ نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی سفری دشواری سے بچنے کے لیے متبادل کے طور پرمارگلہ روڈ استعمال کر سکتے ہیں۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس رہنمائی کے لیے مصروف عمل ہے۔
ملتان میں کریک ڈاؤن، مہر بانو قریشی و دیگر گرفتار
ادھر ملتان میں پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالنے کی کوشش کی گئی جسے انتظامیہ نے ناکام بنا دیا ہے، پولیس نے احتجاج کے لیے نکلنے والے پارٹی کارکنوں میں سے مہربانو قریشی، مخدوم زاہد بہار ہاشمی، دلیر مہر کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ ملزمان کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا گیا۔
ادھر لاہور میں مینار پاکستان کے داخلی راستوں پر بھاری پولیس نفری تعینات کر دی گئی ہے ، جب کہ لاہور اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں دفعہ 144 کے تحت کسی بھی جلسے جلوس پر سختی سے پابندی کے باعث شہروں میں پولیس کی نفری تعینات ہے۔
مہربانو قریشی گرفتار pic.twitter.com/SXYmhPrhiL
— Faheem Abbasi (@faheemabbasii) February 8, 2025
اسپیکرقومی اسمبلی کی مذاکرات کی پیش کش پھر مسترد
ادھر پاکستان تحریک انصاف نے اسپیکر قومی اسمبلی کی مذاکرات کی دعوت کو مسترد کردیا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف کو پھر سے مذاکرات کی دعوت دی تھی۔
پاکستان تحریک انصاف کے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اسپیکر قومی اسمبلی کی پیش کش کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات کا چیپٹر بند ہو گیا ہے۔
انہوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی مذاکرات صرف خواہشات سے نہیں، مستحکم ارادوں سے ہوتے ہیں۔ حکومت کے ارادے ٹھیک تھے نہ ہی نیت، اس لیے مذاکرات نہیں چل سکتے۔
یہ یھی پڑھیں:8 فروری کو احتجاج کی کال: حکومت کا پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کافیصلہ
انہوں نے کہا کہ ہم نے سنجیدگی سے مذاکرات شروع کیے، حکومت نے مطالبات نہیں مانے اس لیے اب ہم مذاکرات نہیں کریں گے۔
آزاد کشمیر پی ٹی آئی کا احتجاج، پولیس سے تصادم، متعدد کارکن گرفتار
ادھر مظفرآباد آزاد کشمیر میں پولیس نے رشید آباد میں پاکستان تحریک انصاف کی ریلی پرآنسو گیس کی شیلنگ کی ہے اور متعدد کارکنوں کو گرفتار کر لیا ہے، تصادم کے دوران ایک گاڑی کو بھی آگ لگا دی گئی۔
ہفتہ کے روز پی ٹی آئی کی ’یوم سیاہ‘ اور احتجاج کی کال پر پاکستان تحریک انصاف کا وادی جہلم سے آنے والے قافلے کو پولیس نے رشید آباد کے مقام پر روک دیا، قافلے کی قیادت صدر پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی کر رہے تھے۔
رشید آباد کے مقام پر پولیس اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں میں دھکم پیل ہوئی، جس کے بعد پولیس نے قافلے کو واپس پلٹنے پر مجبور کر دیا، پی ٹی آئی کے کارکن جہلم ویلی روڈ پر پیچھے ہٹ گئے جبکہ آزادکشمیر اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد، عبدالقیوم نیازی سمیت متعدد کارکنان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق آزاد کشمیر اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد سمیت متعدد کارکنان کو سینٹرل پریس کلب کے باہر سے گرفتارکیا گیا۔
علی امین گنڈاپور کہتے ہیں 99 فیصد مطالبات پورے ہوگئے تو پھریہ احتجاج کس بات کا؟ خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جب بھی ملک میں کوئی قابل فخر ایونٹ ہوتا ہے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ملک میں انتشار شروع کر دیتی ہے، آج ہم ملک میں یوم تعمیر وترقی منا رہے ہیں اور یہ انتشار کی سیاست کر رہے ہیں، اب ملک میں ایک اور 9 مئی اور 26 نومبر کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
ہفتہ کے روز سیالکوٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ آج میں ملک میں سہ فریقی کرکٹ سیریز شروع ہوئی ہے، چیمپیئن ٹرافی بھی ہونے جا رہی ہے اور قوم دیکھ رہی ہے کہ اس قابل فخر ایونٹ کے دوران پی ٹی آئی پھر سڑکوں پر انتشار لے کر آ گئی ہے۔
پی ٹی آئی کے صوابی جلسے میں شرکت کے لیے کارکن خوشی سے نہال، سڑک کنارے رقص pic.twitter.com/AsaJdqLljm
— WE News (@WENewsPk) February 8, 2025
خواجہ آصف نے کہا کہ جب بھی پاکستان میں کوئی قابل فخر ایونٹ شروع ہوتا ہے تو یہ جلسے، جلوس اور احتجاج شروع کردیتے ہیں، ان کا مقصد پاکستان کے عالمی سطح پر قد کاٹھ اور تقریم کو بدنام کرنا ہے، انہیں ملک میں بہتری اور ترقی ہضم نہیں ہورہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان کو کہیں منتقلی کی کوئی پیشکش نہیں کی گئی، سوال یہ ہے ان پر اعتبار کون کرے، خواجہ آصف
خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی والے ایسے واقعات کرکے پاکستان کی ترقی کو روکنا چاہتے ہیں، آج کے جلسے میں یہ سرکاری وسائل کا بےدریغ استعمال کر رہے ہیں، پی ٹی آئی والوں کے جلسوں میں ان کی لیڈر شپ آپ کو نظر نہیں آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا پرامن احتجاج اور جلسے جلسوں پر کوئی اختلاف یا اعتراض نہیں ہے لیکن یہ بات جان لیں کہ ملک میں ایک اور9 مئی اور ایک اور 26 نومبر کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ان کے تمام پچھلے جلسوں تشدد پرختم ہوئے، انتشار پھیلتا ہے تو ان کے اپنے لوگ بھی مارے جاتے ہیں اور ملک میں امن و امان برقرار رکھنےوالوں پر بھی حملہ آور ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قانون کے دائرے میں رہ کر جلسے کیے جائیں تو انتظامیہ کی طرف سے مناسب انتظامات بھی کیے جاسکتے ہیں، لیکن پی ٹی آئی والے ریاست پر حملہ آور ہوتے ہیں، پی ٹی آئی والوں نے 9 مئی جیسے واقعات کیے۔
یہ بھی پڑھیں:مذاکرات سے انکار کی کوئی بنیاد نہیں، پی ٹی آئی والے عمران خان کے ساتھ بھی مخلص نہیں، خواجہ آصف
خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کہتے ہیں ہمارے 99مطالبات منظور ہوگئے ہیں، علی امین گنڈا پور اگر آپ کے مطالبات منظور ہوگئے ہیں تو یہ احتجاج کیوں کررہے ہیں۔
ہم آج تعمیرو ترقی کا دن منا رہے ہیں، دوسری جانب وہی یوم فساد منایا جا رہا ہے، طلال چوہدری
ادھر مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے کام اور کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے دل جیتے ہیں، ہم آج یوم تعمیراور ترقی منا رہے ہیں اور وہ یوم احتجاج اور فساد منا رہے ہیں۔
پی ٹی آئی کا صوابی میں جلسہ: کارکن جلسہ گاہ کی جانب رواں دواں۔ وزیرا علیٰ خیبر پختونخوا ایک بجے وزیر اعلی ہاؤس سے روانہ ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ آفیشل اسکوڈ میں جائیں گے قافلے کے ساتھ نہیں ہوں گے۔ مزید صورتحال جانیں ہمارے نمائندے سراج الدین سے@Srjudin pic.twitter.com/th83IiA3vA
— WE News (@WENewsPk) February 8, 2025
ہفتہ کے روز فیصل آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ 8 فروری کے انتخابی نتائج نے جھوٹے بیانیے کو مسترد کر دیا ہے، فارم 47 کا نعرہ لگا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ جو اسمبلی کو جعلی کہتے تھے وہ اسی اسمبلی میں مذاکرات کے لیے گئے، یہ عدالتوں میں گئے لیکن ایک سال میں کسی حلقے میں بھی دھاندلی ثابت نہ کر سکے، عوام کو گمراہ کرنے کا ان کا منصوبہ ناکام ہو چکاہے۔
مزید پڑھیں:ناکام احتجاج میں لاشیں نہ ملنے پر عمران خان کی صحت کا بیانیہ لانچ کیا گیا ہے، طلال چوہدری
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ایک سال میں کتنے ہی پراجیکٹس شروع ہوئے، ٹریکٹر اسکیم، ادویات کی مفت ترسیل، کسانوں سمیت درجنوں عوامی مفاد کے منصوبے شروع ہوئے، اس کی نسبت صوبہ خیبر پختونخوا کا بھی موازنہ کیا جائے جہاں ہمیں کوئی ایک منصوبہ ہی بتا دیں، صوبوں کے درمیان مقابلہ کارکردگی کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف 13 سال سے حکومت کر رہی ہے، صوبے کی بہتری کے لیے کوئی ایک کام بتا دیں، کوئی ایک بس سروس جو عوام کے لیے شروع کی گئی ہے، کوئی ایک منصوبہ ہی دکھا دیں۔
طلال چوہدری نے کہا کہ اس وقت ملک تیزی سے معاشی بہتری کی جانب گامزن ہے، اسٹاک اسٹاک ایکسچینج تاریخ کی بلندیاں چھو رہی ہے، مہنگائی 20 فیصد سے 2 فیصد پر آگئی، سرمایہ کاری آرہی ہے، ملک سے بے روزگاری کا خاتمہ ہو رہا ہے، جس کی بدولت آج ہم یوم تعمیر بنا رہے ہیں جبکہ دوسری جانب وہی یوم احتجاج اور یوم فساد منایا جا رہا ہے۔