وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ فلسطینی سر زمین فلسطینی عوام کی ہے۔ پاکستان خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت جاری رکھے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ایرانی ہم منصب سید عباس عراقچی کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر خصوصی توجہ مرکوز کی۔ فریقین نے غزہ میں فلسطینیوں کی مسلسل حالت زار پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب کا مضبوط بیان: عرب ممالک کے ردعمل کی تحسین، نتنیاہو کے بیانات کی شدید مذمت
اسحاق ڈار نے غزہ کے لوگوں کو بے گھر کرنے کی تجویز کو انتہائی پریشان کن و غیر منصفانہ قرار دیا۔ وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ فلسطینی سر زمین فلسطینی عوام کی ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل قراردادوں کے مطابق 2 ریاستی حل ہی واحد قابل عمل اور منصفانہ آپشن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت جاری رکھے گا، ایک ایسی فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔ وزیر خارجہ نے معاملے پر او آئی سی وزرائے خارجہ کا غیر معمولی اجلاس بلانے کے لیے پاکستان کی حمایت سے بھی آگاہ کیا۔ فریقین نے آنے والے دنوں میں ان پیشرفتوں پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔