پاکستان اور ترکیہ نے غزہ کی بدلتی ہوئی صورتحال پر او آئی سی کا غیرمعمولی وزرائے خارجہ اجلاس بلانے کی حمایت پر اتفاق کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں غزہ کی صورتحال پر ہنگامی عرب سربراہی اجلاس طلب، پاکستان نے او آئی سی سمٹ بلانے کا مطالبہ کردیا
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ترک وزیر خارجہ ہاکان فدان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور غزہ کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کے غیرمتزلزل عزم اور حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی ایک خودمختار اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت جاری رکھے گا جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام کی بے دخلی کی تجویز پر پاکستان کی شدید تشویش کا اظہار کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ فلسطینی سرزمین فلسطینی عوام کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں خود مختار ریاست کا قیام فلسطینیوں کا حق ہے، پاکستان نے نیتن یاہو کا بیان مسترد کردیا
دونوں وزرائے خارجہ نے اس اہم مسئلے پر غور و خوض کے لیے او آئی سی کا غیر معمولی وزارتی اجلاس بلانے کی حمایت کرنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے آنے والے دنوں میں قریبی روابط برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔