جوڈیشل کمیشن نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں 6 ججوں کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں 8 ججوں کی سپریم کورٹ میں تقرری پر غور کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں نئے ججز کی تقرری کے خلاف وکلا سراپا احتجاج،ڈی چوک میں دھرنے کا اعلان
اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ کے مطابق جوڈیشل کمیشن نے بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ہاشم خان کاکڑ، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اشتیاق ابراہیم کو سپریم کورٹ کا جج تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔
اس کے علاوہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس جسٹس عامر فاروق اور سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس شفیع صدیقی کے ناموں کی منظوری دی گئی ہے۔
اعلامیہ کے مطابق جوڈیشل کمیشن نے پشاور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شکیل احمد اور سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس صلاح الدین پنہور کے ناموں کی منظوری بھی دے دی ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی جانب سے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کو بطور ایکٹنگ جج سپریم کورٹ تعینات کرنےکی منظوری دی گئی ہے۔
اعلامیہ کے مطابق جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی بطور ایکٹنگ جج سپریم کورٹ تقرری آرٹیکل181کے تحت کی گئی۔ جبکہ لاہور ہائیکورٹ سے سپریم کورٹ میں جج تعینات کرنے کا معاملہ مؤخر کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں جوڈیشل کمیشن نے آئینی بینچ کےججز کی مدت میں توسیع اور تقرری رولز 2024 کی منظوری دیدی
واضح رہے کہ اس سے قبل جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر نے جوڈیشل کمیشن کی کارروائی کا بائیکاٹ کردیا تھا، جبکہ دوسری جانب وکلا نے نئے ججز کی تقرری کے خلاف ڈی چوک میں دھرنا دینے کا اعلان کردیا ہے۔