اداکارہ صائمہ سے شادی کرنے پر سید نور کی پہلی بیوی کا ردعمل کیا تھا؟

منگل 11 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف ہدایت کار سید نور نے اداکارہ صائمہ سے محبت کی دلچسپ داستان اور دوسری شادی کرنے پر پہلی بیوی رخسانہ نور کے ردعمل کے بارے میں بات کی۔

حال ہی میں، سید نور 24 پلس کے پوڈ کاسٹ میں نظر آئے، جس کی میزبانی فضا علی نے کی۔ سید نور نے بتایا کہ ان کی پہلی بیوی رخسانہ کو ان کی دوسری شادی کے بارے میں 4 سال بعد اخبار کے ذریعے معلوم ہوا، اسے طاہر سرور میر نے اخبار میں شائع کیا کیونکہ صائمہ نے انہیں شادی کے بارے میں بتایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ہدایت کار سید نور نے اداکارہ صائمہ کے ساتھ زیادہ فلمیں بنائیں تو دوسری اداکاراؤں کا ردعمل کیا تھا؟

سید نور نے بتایا کہ شادی کی خبر پڑھ کر ان کی پہلی اہلیہ خاموش ہوگئیں اور بات نہیں کر رہی تھیں لیکن ان کے ایک پڑوسی نے بات کی اور کہا کہ ’یہ تم نے کیا کیا‘۔ ہدایتکار کے مطابق رخسانہ نے ان کا فیصلہ مان لیا اور وہ بہت مددگار بیوی ثابت ہوئیں۔

انہوں نے دونوں بیویوں کی پہلی ملاقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’صائمہ اقبال ٹاؤن میں اپنی فلم کی شوٹنگ کر رہی تھیں جہاں وہ مقیم تھے۔ شوٹنگ کے دوران لوگ ان کے گرد جمع ہوگئے اور انہیں پریشان کرنا شروع کردیا۔ صائمہ نے کسی قریبی گھر میں آرام کرنے کا فیصلہ کیا تو ڈرائیور انہیں میرے گھر لے گیا جو اقبال ٹاؤن میں تھا۔

انہوں نے بتایا کہ میری پہلی بیوی اس وقت گھرپر نہیں تھی۔ جب وہ واپس آئی تو اس نے پوچھا، گھر میں کون ہے؟ جواب دیا گیا کہ ’صائمہ‘، جس پر وہ چونک گئیں۔ پھر وہ کچن کے اندر چلی گئیں، صائمہ کے لیے چائے تیار کی، اسے نوکروں کے حوالے کیا اور اپنے کمرے میں چلی گئیں۔ یہ رخسانہ کی طرف سے بہت اچھا اشارہ تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سعود نے ڈیڈ فلاپ فلمیں دیں انہیں سید نور کی وجہ سے شناخت ملی، اداکار راشد محمود

صائمہ کے ساتھ شادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ہدایت کار نے بتایا کہ ایک دن میں وہ اُنہیں شوٹنگ کے لیے ان کے گھر سے لینے گئے اور’ہم دونوں باتیں کر رہے تھے تو میں نے ان کا ہاتھ تھام لیا جیسے ہی میں نے ہاتھ تھاما تو اُنہوں نے فوراً مجھ سے کہا کہ اب جب کہ آپ نے میرا ہاتھ تھام لیا ہے تو کبھی مت چھوڑیے گا‘۔

اُنہوں نے بتایا کہ جب صائمہ نے ان سے ہاتھ کبھی نہ چھوڑنے کا کہا تو یہ ان کے لیے محبت کا ایک امتحان تھا اور پھر انہوں نے صائمہ کا ہاتھ ہمیشہ کے لیے تھامنے کا فیصلہ کر لیا۔

سید نور نے بتایا کہ شادی کے اتنے سال گزر جانے کے باوجود دونوں کی کبھی لڑائی نہیں ہوئی۔

واضح رہے کہ سید نور ایک تجربہ کار پاکستانی فلم ڈائریکٹر ہیں، جنہوں نے ریما، شان، میرا، ریشم، ثنا، صائمہ اور دیگر کو متعارف کرایا۔ سید نور کی ہدایت کاری میں بننے والی قابل ذکر فلمیں چوڑیاں، جیوا، سنگم، سرگم، مجاجن اور تیرے باجرے دی راکھی شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp