وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں شوال کا چاند دیکھنے کے لیے جاری مرکزی رویت ہلال کمیٹی اجلاسوں کو کہیں سے بھی چاند دیکھنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی ہے۔ نتیجتاً اب عید الفطر ہفتہ 22 اپریل کو ہوگی۔
واضح رہے کہ چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کےارکان، محکمہ موسمیات کےنمائندے اور سپارکو کے نمائندے بھی شریک تھے۔
اسلام آباد میں چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہ ہو سکی۔ چاند کی عمر کے مطابق اسلام آباد میں چاند نظر آنے کا ممکنہ وقت بھی ختم ہو گیا ۔غروب آفتاب کے بعد اکیس منٹ کے بعد چاند بھی غروب ہو چکا_
اسلام آباد میں اس وقت مطلع ابر آلود ہونے کے ساتھ آندھی بھی چل رہی ہے۔
زونل رویت ہلال کمیٹی لاہور نے بھی اعلان کیا ہے کہ پنجاب میں کہیں سے شوال کا چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی، لاہور میں چاند 7 بجکر 10 منٹ تک دیکھا جاسکتا تھا۔
کراچی میں زونل رویت ہلال کمیٹی نے بھی کہا ہے کہ اسے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج 7 بج کر 17 منٹ تک چاند دیکھنے کا وقت تھا۔
زونل رویت ہلال کمیٹی پشاور کے رکن حافظ عبدالغفور کا کہنا ہے کہ پشاور میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، ابھی تک کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی ، زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جاری ہے، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس تک ہم بیٹھے رہیں گے، چاند کی شہادت ملنے پر مرکزی کمیٹی کو آگاہ کیا جائے گا۔
محکمہ موسمیات اور فلکیاتی ماہرین یہ امکان ظاہر کر چکے ہیں کہ آج چاند نظر آنا مشکل ہے اور عید الفطر ہفتے کو ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی زیر صدارت مسجد قاسم علی خان میں جاری کمیٹی کے اجلاس میں بھی چاند نظر آنے کا فیصلہ کیا گیا۔ یوں اس فیصلے کے مطابق عیدالفطر رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق ہوگا۔