بین الاقوامی سطح پر معاشرے کے مختلف افراد جیسے کہ نابینا یا پھر چلنے پھرنے سے معذور اشخاص کے لیے بھی کرکٹ کے علیحدہ مقابلے منعقد کیے جاتے ہیں۔
وہیل چیئر پر کرکٹ میچز کھیلنا اتنا آسان نہیں ہوتا تاہم اس میں پاکستان کو ایک منفرد مقام حاصل ہے۔
جاوید ملک پاکستان وہیل چئیر کرکٹر ہیں اور 2 مرتبہ وہیل چئیر کی قومی ٹیم کو ایشیا کپ جتوانے میں اہم کردار ادا کرچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈ بلائنڈ کرکٹ گیمز: فائنل میں بھارت کو شکست، پاکستان نےگولڈ میڈل جیت لیا
وہ ایتھلیٹ بھی ہیں اور باسکٹ بال اور آرچری میں بھی ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں اور ساتھ ساتھ معذور افراد کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لیے ایک فلاحی ادارہ بھی چلاتے ہیں۔
جاوید ملک کی کوشش ہوتی ہے کہ اسپیشل افراد کو کھیل کی طرف لے کر آئیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسے افراد کے والدین سے گزارش ہے کہ وہ انہیں کام کرنے اور کھیلنے دیں تاکہ ان میں خوداعتمادی پیدا ہو۔
انہوں نے کہا کہ جب میں خود کھیلتا تھا تو میرا مذاق اڑایا جاتا تھا لیکن میں نے ہمت نہیں ہاری۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے والدین نے ان کی حوصلہ افزائی کی جس کے سبب آج وہ اس مقام پر ہیں۔
مزید پڑھیے: پاکستان کی بلائنڈ ٹی ٹونٹی ورلڈ میں کامیابی، کوئٹہ کا نعمت اللہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی
جاوید ملک نے کہا کہ ہم وہیل چیئر کرکٹ کے پائینیر ہیں اور اب تک پاکستان کی وہیل چیئر کرکٹ ٹیم اپنا کوئی میچ نہیں ہاری۔
انہوں نے کہا کہ اوائل میں ہم ٹینس بال سے کرکٹ کھیلتے تھے لیکن آج پاکستان کی وہیل چیئر کرکٹ ٹیم دنیائے کرکٹ کی ٹاپ رینکنگ ٹیم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم وہیل چیئر پر بیٹھ کر بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کرتے ہیں۔













