فخر زمان ٹورنامنٹ سے باہر، اب کون ٹیم میں شامل ہوگا؟

جمعرات 20 فروری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار بلے باز فخر زمان کی جگہ امام الحق کو پاکستانی اسکواڈ میں شامل کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز چیمپئنز ٹرافی 2025 کی ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی نے فخر زمان کی جگہ امام الحق کو پاکستانی اسکواڈ میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

29سالہ امام الحق کو، جنہوں نے 72 ون ڈے کھیلے ہیں، فخر زمان کے زخمی ہونے کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد متبادل کے طور پر نامزد کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ کسی کھلاڑی کو باضابطہ طور پر اسکواڈ میں شامل کرنے سے پہلے کسی کھلاڑی کی تبدیلی کے لیے ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی کی منظوری درکار ہوتی ہے۔

آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی 2025 کی ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی وسیم خان (آئی سی سی جنرل منیجر، کرکٹ)، سارہ ایڈگر (آئی سی سی سینئر منیجر، ایونٹس)، عثمان واہلہ (پی سی بی کے ڈائریکٹر، انٹرنیشنل کرکٹ آپریشنز) اور شان پولاک (آزاد نمائندہ) پر مشتمل ہے۔

یاد رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف انجری کا شکار ہونے والے اسٹار اوپنر فخر زمان چیمپیئنز ٹرافی سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ان کے متبادل کھلاڑی کے لیے غور شروع کرلیا ہے۔

پاکستان کے اسٹار اوپنر فخر زمان نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے پہلے ہی اوور میں فیلڈنگ کرتے ہوئے پسلیوں میں کھنچاؤ کے سبب انجری کا شکار ہوکر فیلڈ سے باہر چلے گئے تھے تاہم کچھ دیر بعد وہ واپس کھیل میں تو آگئے تھے تاہم پی سی بی کا یہی کہنا تھا کہ ان کے مستقبل کے حوالے سے اگلے روز آگاہ کیا جائے گا۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp