بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں اپنا مجموعی اسکور 11 ہزار رنز تک لے جاکر ایک اہم سنگ میل عبور کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی ریکارڈز: نیوزی لینڈ 5 سینچریوں کے ساتھ انگلینڈ کے برابر
روہت شرما جمعرات کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں جب بنگلہ دیش کے خلاف کھیلنے کریز پر آئے تو انہیں 11 ہزار رنز کے لیے محض 12 رنز کی ضرورت تھی جو انہوں نے بآسانی حاصل کرلیے۔ انہوں نے یہ کارنامہ اپنی 261 ویں اننگز میں انجام دیا۔ وہ میچ میں 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
اس طرح روہت شرما ہموطن بلے بازوں میں تیز ترین 11 ہزار رنز بنانے والے دوسرے اور مجموعی طور پر چوتھے بیٹسمین بن گئے۔
ویرات کوہلی ان سے آگے ہیں جنہوں نے ون ڈے کی 222 اننگز میں اپنے 11 ہزار رنز مکمل کیے تھے۔
مزید پڑھیے: پاکستان کو بڑا جھٹکا، فخر زمان چیمپیئنز ٹرافی سے باہر، متبادل کھلاڑی کی تلاش شروع
بھارتی کپتان نے اس فہرست میں بھارتی لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جنہوں نے 276 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
روہت 11 ہزار رنز مکمل کرنے والے دنیا کے 10 ویں اور بھارت کے چوتھے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ روہت سے پہلے یہ 11 ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز کوہلی اور ٹنڈولکر کے علاوہ سورو گنگولی کو بھی حاصل ہے۔














