ایل او سی سے وی ایکسکلوسیو : ’اللہ کا شکر کہ اس نے لائن آف کنٹرول پر پہرہ دینے کے لیے ہمیں منتخب کیا‘

ہفتہ 22 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آج عید الفطر کے پُرمسرت موقع پر جہاں ملک بھر میں شہری اپنوں کے ساتھ عید کی خوشیوں میں شریک ہیں وہاں مشکل ترین حالات میں اگلے مورچوں پر ڈٹے پاک فوج کے بلند عزم فوجی جوان اس فخر کے ساتھ عید منا رہے ہیں کہ وہ اس دن قوم کی خوشیوں کی حفاظت کا فرض سرانجام دے رہے ہیں۔

وی نیوز سے خصوصی طور پر بات کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول کے بلند و بالا پہاڑوں کے پُرخطر مورچوں پر ڈٹے فوجی جوانوں نے اہلِ وطن کو فخر کے ساتھ پیغام بھیجا ہے کہ آپ سکون کے ساتھ عید کی خوشیاں منائیں ہم یہاں ملک و قوم کی خوشیوں کی حفاظت کے لیے ہر دم تیار ہیں۔

ایل او سی پر موجود فوج کے جوان اور افسران اپنے گھر والوں سے تو دُور ہیں مگر ان کا کہنا تھا کہ ہم سب آپس میں فیملی ہی کی طرح رہتے ہیں، جبکہ فریضے کی ادائیگی کی خوشی سے ہماری عید مزید پُررونق ہوجاتی ہے۔

اگلے مورچے پر کھڑے ایک جوان کا عزم

جب عید کوریج پر وی نیوز کی ٹیم دشوار اور پُرخطر راستوں سے ہوتے ہوئے پہاڑوں کی چوٹیوں پر دشمن کے بالکل سامنے اگلے مورچے پر تعینات پاک فوج کے جوان کے پاس پہنچی تو چاق و چوبند مجاہد نے پُرتپاک انداز میں عید کی مبارک دی اور بتایا کہ وہ اپنے گھر سے سیکڑوں میل دُور لائن آف کنٹرول پر عید کے دن بھی اپنی ڈیوٹی سر انجام دیتے ہوئے فخر محسوس کر رہا ہے کہ اسے یہ سعادت ملی ہے۔

اس جوان سے جب قوم کے نام پیغام کا کہا گیا تو اُس کی آنکھوں میں چمک آگئی اور اپنائیت اور فخر کے ملے جلے جذبات کے ساتھ اس کے منہ سے بے ساختہ نکلا ’ہم اہلِ وطن کو پیغام دیتے ہیں کہ آپ پُرسکون طریقے سے عید کریں ہم یہاں کھڑے ہیں‘۔

اپنے جوانوں کے ساتھ عید خاندان جیسی ہی ہے: کمانڈنگ آفیسر

عید کے موقع پر فوج کے افسران خصوصی طور پر اپنے جوانوں کا حوصلہ بڑھانے ان کے پاس پہنچتے ہیں اور ان کے ساتھ ہی دن گزارتے ہیں۔ ایل او سی پر موجود ایک یونٹ کے کمانڈنگ آفیسر نے بتایا کہ وہ عید کے دن اپنے جوانوں کے ساتھ ایسا ہی محسوس کرتے ہیں جیسے اپنے خاندان کے ساتھ ہوں۔

’ہماری عید میں اور کسی اور جگہ منائی جانے والی عید میں کوئی فرق نہیں ہے۔ ہم ایک خاندان کی طرح ہیں۔ یہ تمام جوان آپس میں فیملی ممبرز ہیں۔ ان جوانوں کے ساتھ ایسا ہی محسوس ہوتا ہے کہ ہم بھی اپنے گھر والوں کے ساتھ عید منا رہے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’عید میں اہم ترین بات خوشی منانا ہوتی ہے ۔ ہم بھی یہاں پر خوش ہیں جس طرح باقی سب لوگ اپنے گھروں میں خوش ہیں‘۔

یونیفارم ہی ہمارا عید کا لباس ہے

عید کے جوڑے سے متعلق سوال پر کمانڈنگ آفیسر کا کہنا تھا کہ ’یونیفارم ہی ان کا عید کا لباس ہے اور اس سے زیادہ انہیں کوئی لباس اچھا نہیں لگتا‘۔

‘ہم چونکہ اگلے مورچے پر ہیں تو یہاں ہمیں ہر دم تیار رہنا ہوتا ہے، بے شک عید ہمارا تہوار ہے جس کا منانا ضروری ہے، مگر اس سے زیادہ ضروری چیز اس ملک کی حفاظت ہے اور اس کے لیے عید قربان ہوجائے تو اتنا مسئلہ نہیں ہے۔’

قوم کے نام پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ’آپ عید منائیں اور اپنا مورال بلند رکھیں۔ آپ کی فوج اور اس کے جوان ہوشیار ہیں اور ان شااللہ ہم ملکی دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے‘۔

فوجی جوان عید پر کیا کرتے ہیں؟

عید کے موقع پر فوجی معمول کی ڈیوٹی تو کرتے ہی ہیں تاہم مورچوں ہی پر عید کے حوالے سے خصوصی سرگرمیاں بھی ہوتی ہیں جن میں افسروں سے ملاقات اور مٹھائی کی وصولی، بڑا کھانا، لڈو کھیلنا اور ایک دوسرے کے ساتھ تفریح اور گپ شپ شامل ہیں۔

وی نیوز سے بات کرتے ہوئے ایک جوان کا کہنا تھا کہ ’اس کی عید بہت اچھی گزر رہی ہے، کیونکہ ہم آگے اگلے مورچے پر عید منا رہے ہیں، اس لیے ہمیں بہت فخر محسوس ہورہا ہے‘۔

فوجی جوان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہاں پر عید منانے سے بہت اچھا محسوس ہوتا ہے کہ ہم ملک کے محافظ ہیں اور اللہ پاک نے اس کے لیے ہمارا انتخاب کیا ہے‘۔

’عید والے دن ہم کھانا بناتے ہیں، دوستوں سے گپ شپ کرتے ہیں، گھر والوں سے بات چیت کرتے ہیں‘۔

اس کا کہنا تھا کہ ’عید والے دن ہمارے صوبیدار صاحبان اور افسران ہمارے ساتھ ہوتے ہیں، ہم پیٹرولنگ اور ڈیوٹی عید والے دن بھی جاری رکھتے ہیں‘۔

’گھر والوں کے لیے پیغام ہے کہ آپ کو ہم پر فخر ہونا چاہیے۔ ان شااللہ ہم ملک پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے‘۔

جوانوں کا مورال بہت بلند ہے: کمپنی کمانڈر

اگلے مورچے ہی پر کمپنی کمانڈر اپنے جوانوں کے ساتھ شب و روز گزارتے ہیں۔ انہوں نے دشمن کی نظر سے اوجھل ہوکر جوانوں کے لیے تربیت کا بندوبست کرنے کے لیے ایک جگہ مختص کر رکھی ہے جہاں پُرجوش نعرے درج ہیں۔ اگلے مورچوں پر قرآن مجید کی آیات اور احادیث نبوی ﷺ کے تراجم کے ساتھ  ساتھ ملی جذبے سے بھرپور اشعار بھی درج نظر آتے ہیں۔

وی نیوز سے بات کرتے ہوئے کمپنی کمانڈر کا کہنا تھا کہ ’انہیں عید کے موقع پر بہت اچھا لگ رہا ہے کیونکہ ہمارے جوان ہی ہمارا خاندان ہوتے ہیں۔ عید کے دن کی جو سرگرمیاں ہوتی ہیں اس میں بڑا کھانا اہم رکن ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہم جوانوں سے ملتے ہیں، گپ شپ کرتے ہیں۔ اس دن ہمیں بریگیڈ اور یونٹ سے مٹھائی آجاتی ہے۔ اس کے علاوہ آپریشنل وجیلینس بڑھا دیتے ہیں اور روٹین کا کام جاری رہتا ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’وہ گھر کی عید کو مس نہیں کرتے بلکہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمیں اس کام کے لیے منتخب کیا ہے کیونکہ ہماری وجہ سے ہمارا خاندان، ہمارے دوست اور ہماری پوری قوم خوشی کے ساتھ عید منا رہی ہے اور ہمیں اس پر فخر ہوتا ہے‘۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp