گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم شہباز شریف اور صدرمملکت آصف علی زرداری سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو سے موسوم کرنے کی درخواست کی ہے۔
اس ضمن میں گورنر خیبر پختونخوا کی جانب سے وزیر اعظم اور صدر مملکت کو لکھے گئے ایک خط میں باور کرایا گیا ہےکہ21 جون 2008 کو اُس وقت کے وزیرِاعظم نے قومی اسمبلی میں نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا نام بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کارکن میر جعفر و میر صادق کو صدارت سے ہٹانے پر یوم نجات منا رہے ہیں، فیصل کریم کنڈی
گورنر خیبرپختونخوا کے مطابق اس وقت کے وزیر اعظم کا یہ اقدام ملک و قوم کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے پر محترمہ بینظیر بھٹو کو شاندار خراج عقیدت پیش کرنا تھا۔
’9 اگست 2008 کو وزیر اعظم کے اس اعلان پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا نام تبدیل کرتے ہوئے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ رکھنے کا باقاعدہ اعلامیہ جاری کیا تھا۔‘
مزید پڑھیں:علی امین گنڈاپور نے گورنر فیصل کریم کنڈی سے چانسلر کے اختیارات چھین لیے
گورنر خیبرپختونخوا کے مطابق پاکستان سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں بھی قومی ہیروز کے نام پر ایئر پورٹ موجود ہیں، اسلام ايئر پورٹ کا نام بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ رکھنا شہید محترمہ کی سیاسی، جمہوری و عوامی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیساتھ عوامی مفاد کا اقدام تھا۔
اپنے خط میں گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ عوام کے شدید مطالبے کو مدنظر رکھتے ہوئے وہ درخواست کرتے ہیں کہ متعلقہ حکام کو اس حوالے سے ضروری ہدایات جاری کی جائیں۔
مزید پڑھیں:خیبر پختونخوا میں صرف امن کا جھنڈا لہرایا جائے گا، فیصل کریم کنڈی
’آپ کا یہ اقدام ملکی ترقی و خوشحالی اور عوامی و جمہوری جدوجہد کیلئے شہید بینظیر بھٹو کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا ثابت ہو گا، مجھے امید ہے کہ آپ اس پر مثبت ردعمل دیں گے۔‘