پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان 2 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے معاہدے کو ایک ماہ میں حتمی شکل دینے پر اتفاق ہوا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان میں کاراباغ جنگ کے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور شہدا کے یادگار پر پھول چڑھائے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف کی آذربائیجان کے صدر سے ملاقات، اہم معاہدوں پر دستخط
بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان آذربائیجان بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے دیرینہ تعلقات ہیں، دونوں ملکوں کی قیادتر کے درمیان تعمیری بات چیت ہوئی ہوئی ہے کہ باہمی تجارت کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان 2 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے معاہدوں کو ایک ماہ میں حتمی شکل دینے پر اتفاق ہوا ہے جبکہ دفاعی پیداوار کے شعبے میں بھی تعاون بڑھایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاک آذربائیجان تعلقات مضبوط بنانے کے لیے مفید بات چیت کا منتظر ہوں، وزیراعظم شہباز شریف
انہوں نے کہا کہ وہ مختلف شعبوں میں تعاون پر آذربائیجان کے مشکور ہیں، دونوں ممالک کے درمیان معاشی سرگرمیوں سے معیشت میں استحکام آئے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بڑے مواقع ہیں، غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کررہے ہیں اور نارتھ ساؤتھ راہداری کاروباری سرگرمیوں اور روابط میں معاون ثابت ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف کا آئندہ ہفتے وسطی ایشیا کا اہم دورہ، تیاری آخری مراحل میں داخل
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف پاکستانی وفد کے ہمراہ اپنے دو روزہ سرکاری دورے پر آذربائیجان کے دارالحکومت باکو پہنچ گئے ہیں۔
حیدر علیوف بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آذربائیجان کے اول نائب وزیراعظم یعقوب عبداللہ اوعلو ایوبوف، نائب وزیر خارجہ یالچین رفائیف، پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرخادوف، آذربائیجان میں پاکستان کے سفیر قاسم محی الدین اور دیگر سینیئر حکام نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔