وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے دورہ ازبکستان کے دوران دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان کن اہم معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں، اس کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں پاکستان اور ازبکستان میں مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط
وزیراعظم پاکستان کے دورہ کے دوران ازبکستان کی وزارت داخلی امور اور پاکستان کی وزارت داخلہ کے مابین تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ پاکستان اور ازبکستان کی وزارت دفاع کے مابین عسکری انٹیلیجنس کے شعبے میں تعاون کا معاہدہ ہوا ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان اور ازبکستان کے مابین سائنٹفیک، تکنیکی اور جدید شعبوں میں تعاون کا معاہدہ ہوا، جبکہ خبروں کے شعبے کے حوالے سے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (APP) اور ازبکستان اطلاعات ایجنسی (UZA) کے مابین تعاون کا معاہدہ بھی کیا گیا ہے۔
پاکستان کی فارن سروس اکیڈمی (FSA) اور ازبک ڈپلومیٹک اکیڈمی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں، جبکہ پاکستان اور ازبکستان کے مابین سفارتی پاسپورٹ پر ویزے کے استثنا کا معاہدہ بھی ہوا ہے۔
اس کے علاوہ ازبکستان کی وزارتِ روزگار و تخفیف غربت اور پاکستان کے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔
وزیراعظم کے دورہ کے موقع پر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور اور تاشقند کے محکمہ شہری ترقی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں، جبکہ لاہور اور بخارا کے مابین بطور جڑواں شہر تعلقات پر مفاہمتی یادداشت بھی سائن کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں پاکستان کی بندرگاہوں تک ازبکستان ریلوے لائن منصوبہ جلد مکمل کیا جائے ، شوکت مرزایوف
اس کے علاوہ وزیراعظم یوتھ پروگرام پاکستان اور ازبکستان کی حکومت کے مابین امور نوجوانان پر مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔