انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے پی ٹی آئی کے 56 ورکرز کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست 5، 5 ہزار روپے کے مچلکوں کی عوض منظور کی۔
انسدادِ دہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔ پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج پر تھانہ ترنول اور کوہسار میں مقدمات درج ہیں۔ پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے سردار مصروف ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں پی ٹی آئی دور میں مبینہ کرپشن کے کیسز محکمہ اینٹی کرپشن کے حوالے
یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے بانی عمران خان کی رہائی کے لیے 24 نومبر 2024کو ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی سربراہی میں پشاور سے اسلام آباد کی جانب مارچ شروع کیا تھا جو 25 نومبر کی شب اسلام آباد پہنچ گیا تھا۔
26 نومبر کو اسلام آباد میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ پی ٹی آئی حامیوں کی جھڑپ کے نتیجے میں متعدد افراد اور پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ احتجاج کے بعد اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف تھانوں میں پارٹی قیادت اور سینکڑوں کارکنان کے خلاف دہشتگردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے تھے۔